ممبئی ( آئی این ایس انڈیا )
ہندوستانی ٹیم نے T20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے شکست دی۔ اگرچہ ٹیم انڈیا طوفان کی وجہ سے بارباڈوس میں پھنس گئی تھی، لیکن اب تمام کھلاڑی جلد ہی اپنے ملک لوٹنے والے ہیں۔ اگر آپ کو یاد ہو تو 2007 میں جب بھارت ورلڈ چمپئن بنا تو بھارتی ٹیم سڑکوں پر آکر شائقین کا مبارکباد قبول کیا۔ اب بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) اور ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (MCA) نے 2024 کی عالمی فاتح ٹیم انڈیا کے لیے خصوصی پلان تیار کیا ہے۔2007 کے ورلڈ کپ کے دوران بھی ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے کھلی بس میں سوار ہو کر عوام کا استقبال کیا۔ اب بتایا جا رہا ہے کہ جمعرات کی صبح نئی دہلی اترنے کے بعد ٹیم انڈیا وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرے گی اور ان کے ساتھ ناشتہ بھی کرے گی۔ اس کے بعد پوری ٹیم کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے دہلی سے ممبئی بھیجا جائے گا۔ جمعرات کی شام 5 بجے، ہندوستانی ٹیم ایک کھلی بس میں فتح کی پریڈ کا انعقاد کرے گی، جو این سی پی اے اسٹیڈیم سے شروع ہوکر وانکھیڑے اسٹیڈیم پر رکے گی۔ یہ پریڈ تقریباً ایک کلومیٹر تک چلے گی۔ جشن کا ماحول اپنے عروج پر ہوگا ۔جہاں کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں T20 ورلڈ کپ 2024 کی چمکتی ہوئی ٹرافی ہوگی۔اس جشن کے دوران لوگ مفت میں اسٹیڈیم میں داخل ہو سکیں گے۔ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ کئی معروف شخصیات کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ ایسے میں جیت کی پریڈ میں ہزاروں لوگوں کے جمع ہونے کی امید ہے۔بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ اس تاریخی جیت کے لیے ٹیم انڈیا کو 125 کروڑ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ یہ انعامی رقم ہندوستانی ٹیم کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ہونے والے پروگرام کے دوران دی جائے گی۔ 2007 کی عالمی فاتح ٹیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا جاتا ہے کہ اس وقت بی سی سی آئی نے 3 ملین ڈالر کی انعامی رقم الاٹ کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی 2011 ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں میں 39 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ نے X کے ذریعے سبھی پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیم انڈیا کی فتح پریڈ میں ان کے ساتھ شامل ہوں۔ پریڈ 4 جولائی کو شام 5 بجے شروع ہوگی۔