نئی دہلی ( آئی این ایس انڈیا ) بھارت کے سابق لیجنڈ کرکٹر سچن تندولکر کا ریکارڈ توڑنے کے لیے بھارت کے سابق کپتان کوہلی کو محض چند رنز کی ضرورت ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کوہلی کے پاس سچن تندولکر کا اہم ریکارڈ توڑنے کا موقع ہے،کوہلی کو انٹرنیشنل کرکٹ میں تندولکر کے 27 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے محض 58 رنز کی ضرورت ہے۔یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ سچن تندولکر بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے تیز 27000 رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ سچن تندولکر نے یہ اعزاز 623 اننگز یعنی 226 ٹیسٹ اننگز، 396 ون ڈے اورایک ٹی20 اننگز میں حاصل کیا تھا۔دوسری جانب کوہلی اب تک تمام فارمیٹس میں 591 اننگز کھیل کر 26 ہزار 942 رنز بنا چکے ہیں، اگر کوہلی اگلی 8 اننگز میں مزید 58 رنز بنالیتے ہیں تو وہ سب سے کم یعنی 600 اننگز میں 27 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرلیں گے جبکہ لیجنڈری بلے باز کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔یہ 147 سالوں میں پہلی بار ہوگا کہ جب کوئی بیٹر 600 سے بھی کم اننگز میں 27 ہزار رنز مکمل کرلے گا، اور کوہلی یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کرکٹر بن جائیں گے۔تندولکر کے علاوہ آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 27000 سے زائد رنز بنارکھے ہیں۔












