بنکاک، (یواین آئی ) موجودہ ایشین گیمز چیمپئن ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے منگل کے روز بنکاک کے نمبیوتر اسٹیڈیم میں سخت مقابلے کے بعد جیت کے ساتھ اپنے تھائی لینڈ اوپن 2026 بیڈمنٹن مشن کا آغاز کر دیا ہے۔عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر اور ایونٹ میں ٹاپ سیڈ ہندوستانی جوڑی نے انڈونیشیا کی غیر معروف جوڑی پترا ایروینسیا اور بگاس ملانا کو ایک گھنٹہ چار منٹ طویل مقابلے کے بعد 21-19، 21-23 اور 21-10 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ساوتک اور چراغ نے سست آغاز کیا اور ایک وقت میں 11-16 سے پیچھے تھے، لیکن مسلسل سات پوائنٹس حاصل کر کے شاندار واپسی کی اور پہلا گیم اپنے نام کیا۔دوسرے گیم میں انڈونیشیائی جوڑی نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹائی بریکر میں جیت حاصل کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔تیسرے اور آخری گیم میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے مکمل تسلط برقرار رکھا اور حریف جوڑی کو سنبھلنے کا کوئی موقع دیے بغیر میچ جیت لیا۔ساوتک اور چراغ کی جوڑی اس بار تھائی لینڈ اوپن کا اپنا تیسرا ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2019 اور 2024 میں یہ بیڈمنٹن سپر 500 ٹورنامنٹ جیتا تھا۔دن کے دیگر مقابلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے نتائج ملے جلے رہے:کوالیفائنگ راؤنڈ میں مانو چودھری نے پیرس 2024 اولمپکس کے برونز میڈلسٹ ملائیشیا کے لی زی جیا کو سخت ٹکر دی، لیکن وہ 21-19 اور 21-18 سے میچ ہار گئے۔ انوشکا شاہپورکر تھائی لینڈ کے یاتاوی من سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔موہت جگلان اور لکشیتا جگلان کا سفر بھی چینی تائپے کی جوڑی سے ہارنے کے بعد ختم ہو گیا۔ ہندوستان نے اس سال بنکاک میں منعقدہ سپر 500 ٹورنامنٹ کے لیے 27 اراکین پر مشتمل ایک بڑا دستہ بھیجا ہے، جس سے آنے والے دنوں میں مزید اچھے نتائج کی توقع کی جا رہی ہے۔












