ناظم بیگ
بلند شہر ،سماج نیوز سروس: آج منگل کو بلند شہر وا قع کلاسک ہوٹل میں ضلع سے جانے والے عازمین حج کے لیے ایک تر بیتی اور ہیلتھ کارڈ تقسیم کے لیے کیمپ کاانعقاد کیا گیا ۔ پروگرام کا باقاعدہ افتتاح بلند شہر کے ضلع اقلیتی بہبود آفیسرمانویندر راجپوت نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ حج ٹر یننگ سینٹر کے انچارج حا جی نور محمد قریشی نے تمام مہمانوں کا گلدستے دے کر استقبال کیا ۔ اپنے خطا ب میں حاجی نورمحمد قریشی نے کہا کہ تربیتی پروگرام کے بعد عازمین حج سے متعلق ایک مکمل رپورٹ اور معلومات اتر پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی لکھنؤ اور سینٹرل حج کمیٹی ممبئی کو بھیجی جائے گی۔ انہوں نے حج کے دوران درپیش مسائل اورحج کے دوران کن چیزوں کی ممانعت ہے کے بارے میں بھی تفصیلی جانکاری دی ۔انہو ں نے کہا کہ حج اسلام میں ایک اہم فریضہ ہے، جس کو انجام دینے کی سعادت اللہ کے حکم سے عطا ہوتی ہے۔ جن مسلمانوں کو اللہ تعالی نے مال و دولت سے نوازا ہے، ان کو چاہیے کہ خود کو حج و عمرہ کے عظیم ثواب سے محروم نہ کریں۔ کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ہماری زندگی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔ یہ کاغذ کی ایک ناؤ ہے جہاں تک پہنچ جائے غنیمت ہے۔ انہوںنے کہاکہ عازمین حج کو اس سفر کو آسان اور سہل انداز میں مکمل کرنے کے لیے حکومت ہند اور سعودی حکومت کی طرف سے بنائے گئے قواعد و ضوابط پر عمل کرنا چاہیے۔حج ٹریننگ کے دوران حا جی نورمحمد قریشی نے بتایا کہ اس سال ضلع سے 354 عازمین حج کا انتخاب کیا گیا ہے اور تمام عازمین حج کو تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عرفان احمد صدیقی نے عازمین حج کے سفر اور حج کے عمل کو اسلامی روایات کے مطابق تفصیل سے بیان کیا۔












