نئی دہلی،سماج نیوز سروس: وزیر اعلیٰ آتشی نے جمعرات کو رام نریش سنگھ اور سریندر ببر کو دہلی الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن (ڈی ای آر سی) کے پرو ٹیم ممبروں کے طور پر عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ بتادیں کہ رام نریش سنگھ اور سریندر ببر کو دہلی الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن کے پرو ٹیم (عارضی) ارکان کے طور پر مقرر کرنے کا حکم سپریم کورٹ کے مقرر کردہ پینل کی طرف سے شارٹ لسٹ کیے جانے کے بعد جاری کیا گیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ رام نریش سنگھ ایک الیکٹریکل انجینئر ہیں، جو دامودر ویلی کارپوریشن کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔ سریندر ببر دہلی ٹرانسکو لمیٹڈ میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر (فنانس) کے طور پر تعینات ہیں۔ان دونوں اراکین کو ان کی تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ آتشی نے کہا کہ ان دو اراکین کے تجربے سے ہماری حکومت دہلی کے بجلی کے محکمے کو مزید بہتر بنانے کے لیے تیار ہے۔












