کانپور،سماج نیوز سروس: جمعیۃ علماء شہر کانپور اور مشرقی اتر پردیش کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جاجمؤ میں 77 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی اور جشن جمہوریہ کی پروقار تقریبات جمعیۃ علماء اتر پردیش کے ناظم اعلیٰ اور جامعہ کے ناظم مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی زیر نگرانی منعقد ہوئی۔ اس موقع پر جمعیۃ بلڈنگ (رجبی روڈ) میں شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں نے اور جامعہ محمودیہ میں اساتذہ کرام نے مشترکہ طور پر پرچم کشائی کی، جس کے بعد اجتماعی طور پر قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ واضح رہے کہ جمعیۃ علماء اتر پردیش کے ناظم اعلیٰ اور جامعہ کے ناظم مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی سفر میں ہونے کے سبب تقریب میں شریک نہیں ہو سکے۔دوران سفرمولانا نے یوم جمہوریہ کے تعلق سے اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ چھبیس جنوری محض ایک تاریخی نہیں، بلکہ ایک عہد کی تجدید کا دن ہے۔یہ وہ دن ہے جب ہم بحیثیتِ قوم اپنے آپ سے یہ وعدہ دہراتے ہیں کہ ہندوستان کی روح، یعنی اس کا سیکولر دستور، ہماری اجتماعی امانت ہے، اور اس کی حفاظت ہمارا قومی فریضہ۔یومِ جمہوریہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ ملک کسی ایک مذہب، ایک طبقے یا نظریے کی جاگیر نہیں، بلکہ مختلف عقائد، تہذیبوں اور ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے۔ اسی ہمہ گیر سوچ نے ہمیں ایک ایسا آئین دیا جو سب کو برابری، آزادی اور انصاف کی ضمانت دیتا ہے۔ آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنے دستور کی صرف زبانی نہیں بلکہ قول و عمل سے حفاظت کریں گے۔ ملک میں امن و انصاف اور ملک کی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب عدلیہ، حکومت، ادارے اور عوام، سب آئین کے طے کردہ دائرے میں رہ کر اپنے فرائض انجام دیں۔ہم اس عزم کی بھی تجدید کرتے ہیں کہ جو طاقتیں، خواہ وہ اندرونی ہوں یا بیرونی، اس دستور کو کمزور کرنے یا مٹانے کی کوشش کریں گی، ہم آئین اور قانون کے راستے سے ان کا مقابلہ کرتے رہیں گے، کیونکہ یہی جمہوریت کی روح اور باشعور قوموں کا طریقہ ہے۔درحقیقت، آئین کی حفاظت کا عہد ہی حقیقی محب وطن ہونے کی علامت ہے۔اور یہی عہد یومِ جمہوریہ کا اصل پیغام ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء شہر کے نائب صدر مولانا نور الدین احمد قاسمی نے کہا کہ ہمارے ملک کا دستور ہمیں مساوات کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور کی حفاظت اور نفرت کے مقابلے میں محبت کو عام کرنا ہماری ملی و قومی ذمہ داری ہے۔جمعیۃ علماء شہر کے سکریٹری زبیر احمد فاروقی اورمولانا انصار احمد جامعی نے اپنے خطابات میں کہا کہ اگر ملک میں مذہبی آزادی اور جمہوری اقدار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو ہم آئینی دائرے میں رہ کر اس کا مقابلہ کریں گے۔ناظم تعلیمات جامعہ محمودیہ مفتی سید محمد عثمان قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم جمہوریہ دراصل اقلیتوں اور دبے کچلے طبقات کے لیے جشن کا دن ہے، کیونکہ یہی آئین انہیں تحفظ فراہم کرتا ہے۔دیگر مقررین میں مولانا فرید الدین قاسمی، مولانا محمد عامر قاسمی اور مولانا محمد کوثر جامعی، مولانا ابوالحسن عبد اللہ قاسمی،مفتی محمد واصف قاسمی نے بھی جنگ آزادی میں علماء کی قربانیوں اور جمہوریت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔












