سید پرویز قیصر
ہندوستان اور سری لنکا کے مابین پالے کیلے میں کھیلا گیا سریز کا تیسرا اور آخری ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ ٹائی رہا۔ ان دونوں کے درمیان پہلی مرتبہ کوئی میچ ٹائی ہوا ہے جبکہ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں ابھی تک38 میچ ٹائی ہوچکے ہیں۔ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے مقررہ20 اوور میں نو وکٹ پر 137 رن بنائے تھے۔ سری لنکا نے مقررہ20 اوور میں آٹھ وکٹ پر 137 رن بناکر میچ ٹائی کرایا تھا۔ میچ کی آخری بال پر سری لنکا کو تین رن درکار تھے۔ سوریہ کمار یادو کی اس آخری بال پر چامندو وکرما سنگھے دو ہی رن بناسکے جسکی وجہ سے میچ ٹائی ہوا۔ کپتان سوریہ کمار یادو نے میچ میں آخری اوور کرایا تھا اور اس میں پانچ رن دیکر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ انہوں نے اس سے پہلے جو70 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے تھے اس میں کبھی بھی بالنگ نہیں کرائی تھی۔
سری لنکا نے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ کا سب سے خراب سپر اوور کھیلا اور چاربالوں پر دو وکٹوں کے نقصان پر دو رن بنائے۔ ہندوستان نے ایک بال پر چار رن بناکر میچ میں کامیابی حاصل کی۔
ہندوستان کا یہ ساتواں ٹونٹی ٹونٹی میچ تھا جو ٹائی ہوا۔ اس نے ان سات میں سے چھ میچ سپر اوور میں جیتے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف نیپئر میں22 نومبر2022 کو کھیلا گیا میچ ڈکورٹھ اینڈ لوئیس قاعدے کے تحت ٹائی ہوا تھا جس میں کوئی سپر اوور نہیں ہوا۔ سری لنکا کا یہ پانچواں ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ تھا جو ٹائی ہوا۔ ان پانچ ٹائی میچوں میں سری لنکا نے دو میں کامیابی حاصل کی ہے اور تین میں اسے شکست ہوئی ہے۔
سری لنکا نے اس سے پہلے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ ٹائی کیا تھا۔2 اپریل2023آکلینڈ میں کھیلا گیا یہ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ ٹائی رہا جو بین الاقوامی کرکٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹائی ہونے والا دوسرا ٹائی میچ تھا۔
اس میچ میںسری لنکا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میںپانچ وکٹ پر 196 رن بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ نے 19 اوور میں سات وکٹ پر 184 رن بنائے تھے۔ آخری اوور میں نیوزی لینڈ کو 13 رن بنانے تھے جو کوئی مشکل کام نہیں تھا۔نیوزی لینڈ 13 رن بناکر میچ جیت تو نہیں سکی مگر12رن بناکر اس نے میچ ٹائی کرالیا۔
سری لنکاکی جانب سے آخری اوور ڈاسن شاناکا کرانے آٗئے جنہوں نے اپنے پہلے اوور میں آٹھ رن دیئے تھے۔ دائیں ہاتھ کے اس تیز بالر کی پہلی بال پر راچن رویندرا کو ڈی سلوا کے ہاتھوں کیچ کرایا جبکہ دوسری اور تیسری بال پر ایش سوڈھی نے دو۔ دو رن بنائے۔ چوتھی بال پر انہوں نے لیگ بائی کا ایک رن لیا اور اسٹرائیک ہنری شپلی کو دیا۔ انہوں نے ایک رن دیکر اسٹرائیک پھر ایش سوڈھی کو دیا۔ آخری بال پر نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے لئے سات رن درکار تھے۔ ایش سوڈھی نے آخری بال پر مڈ وکٹ پر چھکا لگاکر میچ ٹائی کرالیا۔
سپراوور میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو شکست دیکر میچ میں کامیابی اپنے نام کی۔ نیوزی لینڈ نے سپر اوور میں دو وکٹ پرآٹھ رن بنائے تھے۔ سری لنکا نے دو بالوں پر بارہ رن بناکر میچ جیتا تھا۔ پہلی بال پر سری لنکا کی جانب سے ایک رن بنا تھا جبکہ دوسری بال پر چھکا مارا گیا تھا۔
ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پہلا ٹانی میچ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین آکلینڈ میں16 فروری2006 کو ہوا تھا۔ اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ پر126 رن بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ نے 20 اوور میں آٹھ وکٹ پر 126 رن بناکر میچ ٹانی کرایا تھا۔میچ کی آخری بال پر نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے پانچ رن چاہئے تھے۔ بائیں ہاتھ کے تیز بالر ایان بریڈ شاء کی اس بال پر شین بونڈ نے شاندار چوکا لگاکر میچ ٹانی کرالیا تھا۔ بول آوٹ میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔اسکے تینوں بالروں نے وکٹوں پر بال ماریں جبکہ ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی بالر ایسا نہیں کرسکا۔