محمد زاہد امینی
نوح،میوات،سماج نیوز سروس: میوات کے فروز پور جھر ا میں ہفتہ سے نماز فجر کے بعد سہ روزہ تبلیغی اجتماع کا شاندار آغاز ہو گیا۔دعوت و تبلیغ کے محور کھلانے والے علاقہ میوات کے عوام میں جلسہ کو لیکر اس قدر خوشی تھی،کہ ہزاروں لوگ جلسہ شروع ہونے سے ایک روز قبل یعنی جمعہ کو جلسہ گاہ میں پہنچ گئے۔ہفتہ کو نماز فجر کے بعد مولانا عبدالرشید پنہانا کے خطاب کے ساتھ ہی باضابطہ طور پر جلسہ کا آغاز ہوا۔بعد ازاں جلسہ میں بطور خاص تشریف لئے رئیس تبلیغ حضرت جی مولانا محمد سعد صاحب کاندھلوی و اس کے تینوں بیٹوں کے دہلی نظام الدین مرکز سے میوات پہنچنے پر شیخ الحدیث مفتی زاہد حسین قاسمی و امیر تبلیغی جماعت علاقہ میوات ماسٹر محمد ہارون صاحب کی قیادت میں سینکڑوں علمائے کرام و مبلغین حضرات نے والہانہ استقبال کیا۔جلسہ کے شیڈیول کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے مفتی زاہد حسین نے نمائندے کو بتایا کہ جلسہ کے پہلے روز نماز ظہر کے بعد حضرت جی مولانا محمد سعد صاحب کے بیٹے مفتی محمد الیاس،عصر کے بعد مفتی ضیاء الحق سینیئر استاذ معین الاسلام نوح جبکہ مغرب کے بعد حضرت جی مولانا محمد سعد صاحب خطاب کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ اتوار کو فجر کے بعد مولانا یوسف کاندھلوی،ظہر کے بعد مولانا محمد سعید کاندھلوی،عصر کے بعد مولانا محمد عمر مڑھی اور مغرب کے بعد خود مولانا سعد صاحب بیان فرمائیں گے۔اگلے روز پیر کو حضرت جی مولانا محمد سعد صاحب کاندھلوی کے تفصیلی بیان اور انہیں کی رقت آمیز دعاء پر جلسہ کا اختتام ہوگا۔مفتی زاہد حسین نے مزید جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ جلسہ میں اذان کی ذمہداری قاری محمد عامر و مفتی سلمان کی ہوگی جبکہ مفتی محمد شاکر قاسمی و مولانا عبدالرشید صاحب جلسہ میں امامت کی خدمت انجام دیں گے۔علاوہ ازیں مفتی زاہد حسین،مفتی ابراہیم سوڑاکا،مولانا رحیم الدین و مولانا طاہر کامیڈا وغیرہ کی تخت کی ڈیوٹی ہوگی۔واضح رہے کہ 19 اپریل سے 21 اپریل تک چلنے والے اس سہ روزہ عظیم الشان تبلیغی اجتماع میں شرکاء کو کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لیے پانی و بجلی کے ساتھ ساتھ وضو خانہ،بیت الخلا،طعام،ٹریف و جلسہ گاہ کے بڑے پیمانے پر بندوبست کیے گئے ہیں۔جلسہ کے نظم و نسق کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ ہزاروں رضاکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔جلسہ میں میوات کے 18 تبلیغی حلقوں کےعلاوہ دہلی،اتر پردیش و راجستھان سے قریب 10 لاکھ سے زائد لوگوں کے پہنچنے کی امید ہے۔












