دیوبند 3؍اپریل ،سماج نیوز سروس: دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ حدیث مولانا علامہ قمر عثمانی کا طویل علالت کے بعد علی الصبح فجر کے وقت اپنی رہائشگاہ محلہ ابوالبرکات متصل سفید مسجد انتقال ہوگیا ۔انتقال کی خبر ملتے ہی تمام عزیز واقارب ،رشتہ دار ،متعلقین ودیگر شخصیات نے مولانا قمر عثمانی ؒ کی رہائشگاہ پہنچ کر اس سانحہ وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے پسماندگان سے اظہارتعزیت کیا اور دعائے مغفرت کی ۔علامہ قمر عثمانی کے حادثۂ وفات پر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نائب مہتمم مولانا محمد شکیب قاسمی نے تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے مولانامرحوم کی وفات کو ادارہ اور علمی ودینی حلقوں کے لئے عظیم خسارہ قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ مولانا قمر عثمانی نے ادارہ سے منسلک رہ کر دین کی اشاعت اور علم حدیث کی جوغیر معمولی خدمات انجام دی ہیں وہ ان کے لئے درجات کی بلندی ذخیرہ ٔ آخرت بنیں گی ۔انہوں نے کہا کہ مولانا مرحوم کا شمار مشفق اساتذہ میں ہوتا تھا ۔ادارہ کے شیخ الحدیث اورجامعہ امام محمد انور شاہ کے مہتمم مولانا احمد خضر شاہ مسعودی نے مولانا مرحوم کی وفات کو علم دین کا بڑا خسارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مولانا مرحوم طلبہ میں نہایت مقبول تھے طلبہ ان کے درس میں نہایت ذوق وشوق کے ساتھ شریک ہوتے تھے انہوں نے صاحب فراش رہتے ہوئے بھی آخری سانسوں تک درس وتدریس کا سلسلہ جاری رکھا ۔ان کے علاوہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی ،نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی ،مولانامحمد راشد قاسمی ،ادارہ کے اساتذہ اور ذمہ داران نے مولانا قمر عثمانی کے حادثہ وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا ۔وہیں دوسری جانب مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے منیجر ،نائب منیجر سید آصف حسین ،سابق چیئرمین انعام قریشی ،محمد رفیع ،جاوید عثمانی ،پبلک گرلز انٹر کالج کے اسٹاف ،ناگل برانچ کے انچارج ساجد حسن نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے پسماندگان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور دعائے مغفرت کی ۔دارالعلوم وقف دیوبند کے خادم مولانا دلشاد قاسمی ،مفتی واصف عثمانی ،مفتی عارف عثمانی ،جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید ،عیدگاہ دیوبند کے متولی محمد انس صدیقی ،مرکزی جامع مسجد کے متولی خرم عثمانی ،سابق ایم ایل اے معاویہ علی ،معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر ایس اے عزیز ،مشہور ومعروف شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی ،شمیم عثمانی سمیت شہر کی علمی ،دینی ،ادبی وسیاسی شخصیات مولانا مرحوم کے سانحہ وفات پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے جملہ پسماندگا ن سے اظہار تعزیت کیا ۔بعد نماز ظہر دارالعلوم کے احاطہ مولسری میں علامہ قمر عثمانی مرحوم کی نماز جنازہ مولانا محمد اسعد نے ادا کرائی بعدازاں قاسمی قبرستان سے ملحق ان کے آبائی قبرستان میں تدفین سیکڑوں افراد ،مدارس کے اساتذہ ،طلبہ اور شہر کی معزز شخصیات کی موجودگی میں عمل میں آئی ۔اس موقع پر عبداللہ نواز خان ،حافظ محمد سعد ،عامر عثمانی ،فہیم صدیقی ،محمد اشفاق ،مولانا محمد غانم ،مولانا کمال اصغر ،مولانا سکندر عظیم عثمانی ،مولوی عمیس ،طارق عثمانی ،ماسٹر فضل الرحمن ،ثاقب عثمانی اور قمر الاسلام وجنید اقبال عثمانی سمیت سیکڑوں افراد موجود رہے ۔












