نئی دہلی(یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ 18ویں لوک سبھا کا مینڈیٹ وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ہے اور یہ نہ صرف ان کی سیاسی بلکہ اخلاقی شکست ہے ۔بدھ کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر انڈیا گروپ کے لیڈروں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کھڑگے نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اتحاد کے تمام لیڈروں نے پوری طاقت کے ساتھ جنگ لڑی ہے اور اپنا پیغام عوام تک پہنچانے میں کامیاب رہے ہیں۔ یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ رائے عامہ مکمل طور پر مودی کے خلاف ہو چکی ہے ۔اتحاد کے رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں انڈیا اتحاد کے تمام دوستوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، ہم نے مل کر لڑا، ہم آہنگی سے لڑا اور پوری طاقت سے لڑا، آپ سب کو مبارکباد۔انہوں نے کہا کہ الیکشن مسٹر مودی کے نام اور چہرے پر لڑا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ "18ویں لوک سبھا انتخابات کی رائے عامہ براہ راست وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ہے ۔ الیکشن ان کے نام اور چہرے پر لڑا گیا تھا اور عوام نے بی جے پی کو اکثریت نہ دے کر ان کی قیادت کے بارے میں واضح پیغام دیا ہے ۔ ذاتی طور پر مسٹر مودی جی کے لیے یہ نہ صرف ایک سیاسی شکست ہے بلکہ ایک اخلاقی شکست ہے ، لیکن ہم سب ان کی عادات سے واقف ہیں، وہ اس عوامی رائے کو جھٹلانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ "ہم یہاں سے یہ پیغام بھی دیتے ہیں کہ انڈیا الائنس ان تمام سیاسی جماعتوں کا خیرمقدم کرتا ہے جو ہندوستان کے آئین کے تمہید پر اٹل یقین رکھتی ہیں اور اقتصادی، سماجی اور سیاسی انصاف کے اپنے مقاصد کے لیے پرعزم ہیں۔












