نوح،میوات ،سماج نیوز سروس: لمبی جدوجہد و کاوشوں کے بعد جاری ہوئے ٹی جی ٹی اردو اساتذہ کے نتائج سے جوش وخروش سے لبریز ’تنظیم فروغ اردو میوات‘ کے عہدے داران کی ایک اہم میٹنگ آج ضلع ہیڈ آفس نوح کی مرکزی جامع مسجد میں تنظیم کے صدر مولانا محمد صدیق سنابلی کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔میٹنگ میں ٹی جی ٹی اردو کی ووٹنگ لسٹ جاری کروانے و ای ڈ بلیو ایس کیٹگری کو جنرل میں شامل کروانے کے مقصد سے چنڈی گڑھ سفر پر گئے تنظیم کے وفد نے اپنی کارگزاری پیش کی ۔وفد میں شامل مولانا صدیق سنابلی ، ماسٹر نسیم احمد ، ماسٹر ذاکر و ماسٹر حکیم الدین نے بتایا کہ سفر پوری طرح سے کامیاب رہا ۔ انہوںنے بتایا کہ سب سے خوشی کی بات یہ رہی کہ ہریانہ اسٹاف سلیکشن کمیشن (ایچ ایس ایس سی) کے چیئرمین ہمت سنگھ میوات کے وفد سے کافی متاثر ہوئے اور انہوںنے بہت جلد میوات آنے کی منشا ظاہر کی ہے۔عہدے داران نے ایچ ایس ایس سی کے چیئرمین کی میوات آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ بعد ازیں چیئرمین کی تشریف آوری پر منعقد ہونے والے پروگرام کے بارے میں لائحہ عمل تیار کیا گیا اور ساتھیوں کی ذمہ داری عائد کی گئی۔ علاوہ ازیں نومنتخب ٹی جی ٹی اساتذہ کرام کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے و خطہ میوات میں اردو کے فروغ کے لیے نئے سرے سے مہم شروع کرنے کے بارے میں بھی غورو خوض ہوا ۔اس موقع پر تنظیم کے سرپرست ڈاکٹر قمرالدین ذاکر ، ماسٹر اشرف ٹائیں، سکریٹری حافظ عمران، خازن محمد اسلم ، حکیم الدین ، ذاکر حسین، نسیم احمد،نجم الدین ، بھائی حاکم ، راشد نظامی و نائب صدر خالد میواتی گھاسیڑہ خاص طور سے موجود رہے۔












