پریاگ راج، (یو این آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی کی پیٹرول اور سونا نہ خریدنے سے متعلق اپیل کو غلط قرار دیتے ہوئے ملک کی ابتر معاشی صورتحال کے لیے مرکزی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ منگل کے روز پریاگ راج پہنچنے پر ہوائی اڈے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ ملک کی معیشت مسلسل کمزور ہو رہی ہے اور روپے کی قدر گرتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے پیٹرول و ڈیزل کی بچت اور سونا نہ خریدنے کی اپیل ملک کی معاشی حالت کے زوال کی علامت ہے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی خود ملک کے لیے بحران بن گئی ہے۔سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اجیندر لودھی کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف دیے گئے متنازعہ بیان کے سوال پر اکھلیش یادو نے کہا کہ استعمال کی گئی زبان غلط تھی اور سماجوادی پارٹی اس کی حمایت نہیں کرتی۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس قسم کے الفاظ کا استعمال وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "لودھی جی کا دکھ دل سے باہر آیا ہے، لیکن زبان غلط تھی۔”اس دوران اکھلیش یادو نے سماجوادی پارٹی کی باغی ایم ایل اے پوجا پال پر بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ "انہیں تو ڈپٹی سی ایم (نائب وزیر اعلیٰ) بنا دینا چاہیے تھا۔” سابق وزیر اعلیٰ مسٹر یادو پریاگ راج میں بی جے پی کی سینئر رہنما اور سابق ایم پی ڈاکٹر ریتا بہوگنا جوشی کی رہائش گاہ بھی پہنچے۔ وہاں انہوں نے ریتا بہوگنا جوشی کے شوہر آنجہانی پورن چند جوشی کی تصویر پر گلدستہ پیش کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندان سے ملاقات کر کے تعزیت کا اظہار کیا۔












