بادام پہاڑ (اڈیشہ)، 21 نومبر : صدرجموریہ دروپدی مرمو نے منگل کو اڈیشہ کے قبائلی اکثریت والے میور بھنج ضلع بادام پہاڑ ریلوے اسٹیشن پر دو ایکسپریس ٹرینوں اور ایک میمو سروس کا افتتاح کیا اور بادام پہاڑ ریلوے اسٹیشن کی دوبارہ ترقی کا سنگ بنیاد رکھا۔اڈیشہ کے مشہور سملی پال نیشنل پارک سے صرف 20 کلومیٹر دور چھوٹے شہر بادام پہاڑ تک پٹری تو آزادی سے قبل ہی بن چکی تھی لیکن آج پہلی بار یہاں ایکسپریس ٹرین پہنچی ہے ۔بادام پہاڑ اسٹیشن پر منعقدہ ایک پروگرام میں صدر جمہوریہ نے 08147/08148 ٹاٹا نگر بادام پہار-ٹاٹا نگر میمو سروس، 18051/18052 بادم پہاڑ-رورکیلا-بادام پہاڑ ہفتہ وار ایکسپریس اور 18049/18050 شالیمار-باد ام پہاڑ-شالیمار ہفتہ وار ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھا کر افتتاح کیا اورامرت بھارت اسٹیشن یوجنا کے تحت بادام پہاڑ ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔اس موقع پر اڈیشہ کے گورنر رگھوبر داس، ریلوے کے وزیر اشونی وشنو، وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان، قبائلی امور اور افرادی قوت کے وزیر مملکت وشویشور ٹوڈو، اڈیشہ حکومت میں وزیر سداما مرانڈی نیز ریلوے اور ریاستی حکومت کے سینئر افسران موجود تھے ۔اس موقع پر صدر جمہوریہ نے بادام پہاڑ اسٹیشن سے شالیمار بادام پہاڑ ہفتہ وار ایکسپریس ٹرین میں 32 کلومیٹر دور واقع رائرنگ پور تک سفر بھی کیا۔ یہ پہلا موقع تھا جب صدرجمہوریہ ہند نے کسی عام ایکسپریس ٹرین میں سفر کیا۔ صدر نے محکمہ ڈاک کے نئے راجرنگ پور ڈویژن اور پوسٹل ایکسپورٹ سنٹر کا افتتاح کیا اور ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔اس طرح سے اڈیشہ کا یہ دور افتادہ قبائلی علاقہ کولکاتہ، ٹاٹا نگر اور رورکیلا جیسے صنعتی اور جدید شہروں سے جڑ گیا ہے ۔ اس سے مشرقی سنگھ بھوم اور میور بھنج اضلاع کے درمیان ریل رابطہ مضبوط ہوگا اور یومیہ مسافروں کو فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر ریلوے کے وزیر نے بادام پہاڑ سے کیونجھر، بانگریپوسی سے گوروموہیسانی اور بوڈھامرہ سے چکولیہ تک تین نئی لائنیں بچھانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس تینوں لائنوں کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کر لی گئی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ بادام پہاڑ محترمہ مرمو کا آبائی علاقہ ہے ۔ ان کا سسرال اور مائکہ دونوں ہی بادام پہاڑ کے قریب ہے ۔ صدر محترمہ مرمو جو اپنے آبائی علاقے کو ریل رابطے کا تحفہ دینے آئیں کل رات رائرنگ پور میں اپنے مکان میں ٹھہریں۔ محترمہ مرمو 2000 اور 2009 کے درمیان دو بار رائرنگ پور سے اڈیشہ اسمبلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن اور 2000 اور 2004 کے درمیان نوین پٹنائک حکومت میں وزیر مملکت (آزادانہ چارج) بھی رہ چکی ہیں۔اب تک بادام پہاڑ کے دیہی مسافروں کے لیے ٹاٹا نگر کے لیے دو اور مینو ڈیمو گاڑی ہی چلا کرتی تھی۔ بادام پہاڑ اسٹیشن پر مال گاڑیوں کی آمد ورفت ہوتی ہے جو قریب ہی قریبی خام لوہے کی کانوں سے خام مال کی ڈھلائی کرتی ہیں۔ٹاٹا نگر سے بادام پہاڑ تک ریلوے کی ایک برانچ لائن آزادی سے پہلے ہی بن گئی تھی جسے چند سال قبل براڈ گیج میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ کووڈ کی مدت کے دوران یہ الیکٹریفائڈ بھی بن گیا ہے ۔ یہ پہلا موقع ہے جب اس لائن پر ایکسپریس ٹرین کا آپریشن شروع ہونے جا رہا ہے ۔ریلوے حکام نے ان ٹرینوں کے بارے میں بتایا کہ 18049 شالیمار-بادام پہاڑ ہفتہ وار ایکسپریس ہر ہفتہ کو 23.05 بجے شالیمار سے روانہ ہوگی اور اگلے دن 05.40 بجے بادام پہاڑ پہنچے گی۔ واپسی کی سمت میں، 18050 بادام پہاڑ – شالیمار ہفتہ وار ایکسپریس ہر اتوار کو 21.30 بجے بادام پہاڑ سے روانہ ہوگی اور اگلے دن 05.00 بجے شالیمار پہنچے گی۔یہ شالیمار/کولکاتہ (مغربی بنگال) اور بادام پہاڑ (اڈیشہ) کے درمیان پہلی بار ایکسپریس ٹرین کنیکٹیویٹی فراہم کرے گا اور بادام پہاڑ/رایرنگ پور علاقے سے پہلی نائٹ ایکسپریس ٹرین سروس ہوگی۔ ٹرین معدنیات سے مالا مال علاقوں، اڈیشہ کے صنعتی علاقوں سے گزرے گی اور ریاست جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کے ساتھ تیز رفتار رابطے کی سہولت فراہم کرے گی۔ بہتر رابطہ اڈیشہ کے میور بھنج ضلع کی نمو اور ترقی کو فروغ دے گا۔ یہ نئی ٹرین مغربی بنگال اور جھارکھنڈ کے سیاحوں کو دلکش مناظر اور گھنے جنگلات سے لطف اندوز ہونے کی ترغیب دے گی۔18051 بادام پہاڑ-رورکیلا ہفتہ وار ایکسپریس ہر اتوار کو 06.10 بجے بادام پہاڑ سے روانہ ہوگی اور اسی دن 11.40 بجے رورکیلا پہنچے گی۔ واپسی کی سمت میں، 18052 رورکیلا – بادام پہاڑ ہفتہ وار ایکسپریس ہر اتوار کو 14.20 بجے رورکیلا سے روانہ ہوگی اور اسی دن 19.25 بجے بادام پہاڑ پہنچے گی۔ یہ ایکسپریس ٹرین بادام پہاڑ کے معدنیات سے مالامال علاقوں کو ہندوستان کے اسٹیل سٹی رورکیلا سے جوڑے گی۔ اس رابطے سے تجارت اور صنعت پر یقیناً مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ بادام پہاڑ علاقے کے طلباء کو رورکیلا کے تعلیمی اداروں تک آسانی سے رسائی حاصل ہوگی۔ یہ ایکسپریس ٹرین پیشہ ور افراد اور کاروباری برادری کے لیے براہ راست اور تیز رفتار مواصلات بھی فراہم کرے گی۔08147 ٹاٹا نگر-بادام پہاڑ میمو ٹاٹا نگر سے 09.55 بجے روانہ ہوگی اور 12.40 بجے بادام پہاڑ پہنچے گی اور یہاں سے 12.45 بجے روانہ ہوکر 15.20 بجے ٹاٹا نگر پہنچے گی۔ ساتھ ہی بادام پہاڑ کے معدنیات سے مالامال علاقوں اور جھارکھنڈ کے اہم صنعتی شہر ٹاٹا نگر کو جوڑنے والی ایک اضافی میمو ٹرین سروس ہوگی۔ مقامی تاجر، چھوٹے کاروباری، یومیہ مزدور، طلباء اور مریض وغیرہ اس سروس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہ سروس اڈیشہ کے پسماندہ علاقوں کو جھارکھنڈ کے صنعتی علاقوں سے جوڑے گی۔ایسٹرن سدرن ریلوے کے چکردھر پور ڈویژن میں بادام پہاڑ اسٹیشن کی امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت دوبارہ ترقی کے لیے 12.22 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسٹیشن کی نئی عمارت موجودہ اسٹیشن کونئی شکل دے کر عصری طرز کے ممتاز انداز میں بنائی جائے گی۔ سرکلیٹنگ ایریا کو گرین پیچ کے ساتھ تیار کیا جائے گا۔ مسافروں کی سہولت کے لیے اسٹیشن کی عمارت کے سامنے سائبان، 3 میٹر چوڑا فٹ اوور برج، پارکنگ کی سہولیات، سڑک نیٹ ورک کی از سر نو تعمیر، پلیٹ فارم کی توسیع اور ری سرفیسنگ، معذوروں کے لیے دوستانہ سہولیات اور ساینیج، کوارٹرز کی تبدیلی وغیرہ کا بھی التزام ہوگا۔