چنڈی گڑھ، (یواین آئی) ہریانہ کے وزیرِ اعلیٰ نایب سنگھ سینی نے پنجکلا کے سیکٹر-5 واقع یوانیکا پارک سے بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو وقف سمتا میراتھن” کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ پروگرام ڈاکٹر امبیڈکر کی 135ویں جینتی کے موقع پر منعقد کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ یہ میراتھن سماجی انصاف، مساوات اور حقوق کے تئیں ہماری اٹوٹ وابستگی کی علامت ہے۔ انہوں نے شرکاء پر پھول برسائے اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ میراتھن میں نوجوانوں اور بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور "بھارت ماتا کی جے” اور وندے ماترم” کے نعروں کے ساتھ اتحاد و بھائی چارے کا پیغام دیا۔ یہ دوڑ یوانیکا پارک سے شروع ہو کر تاؤ دیوی لال کھیل اسٹیڈیم، سیکٹر-3 تک منعقد ہوئی۔ وزیرِ اعلیٰ نے بابا صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی جدوجہد، قربانی اور عزم کی ایک متاثر کن داستان ہے۔ انہوں نے محروم اور مظلوم طبقے کی بھلائی کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی اور ملک کو مساوات، انصاف اور اخوت کے اصولوں پر مبنی فکر دی۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ حکومت بابا صاحب کے نظریات کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے اور سماج کے ہر طبقے کی فلاح کے لیے متعدد اسکیمیں چلا رہی ہے تاکہ آخری صف کے فرد تک ترقی کا فائدہ پہنچ سکے۔ وزیرِ اعلیٰ نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تعلیم، اتحاد اور بیداری کے ذریعے سماج میں مثبت تبدیلی لائیں اور بابا صاحب کے پیغام تعلیم حاصل کرو، منظم رہو، جدوجہد کرو” کو اپنائیں۔ اس موقع پر سماجی انصاف و حقوق کے وزیر کرشن کمار بیدی، بی جے پی صوبائی صدر موہن لال بڈولی، رکنِ پارلیمان ریکھا شرما، ہریانہ خواتین کمیشن کی صدر رینو بھاٹیا سمیت کئی سینئر افسران اور معزز شخصیات موجود تھیں۔












