دیوبند ،سماج نیوز سروس: جامعۃ الشیخ عبدالستار نانکہ گندیوڑہ چھٹملپور میں مسابقۃُ القرآن الکریم کا انعقاد عمل میں آیا جس میں جامعہ کے 15 طلبہ نے شرکت کی۔پروگرام کی صدارت جامعہ کے مہتمم الحاج فضل الرحمان نانکوی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مولانا مفتی عثمان قاسمی نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ مجلس کا آغاز جامعہ کے استاذِ حفظ قاری محمد اعظم رحمانی کی تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا ۔اس کے بعد مہمانِ خصوصی مولانا قاری فرزان قاسمی نے نعتِ پاک پیش کی۔اس موقع پر جمعیۃ علماء سہارنپور کے ناظم مولانا مفتی عطاء الرحمن جمیل قاسمی نانکوی نے کہا کہ قرآنِ کریم کو عمدگی حسن اور تجوید کے ساتھ پڑھنا نہایت ضروری ہے کیونکہ علمِ تجوید کا مرتبہ تمام علوم میں اعلیٰ اور افضل ہے۔ انہوں نے مدارسِ اسلامیہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قرآنِ کریم کے علوم کی ترویج و اشاعت میں مدارس نہایت محنت اور اخلاص کے ساتھ کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے درمیان ایسے مقابلہ جاتی پروگرام وقتاً فوقتاً منعقد ہوتے رہنے چاہئیں کیونکہ اس سے طلبہ میں شوق محنت اور حوصلہ پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے جامعہ کے استاذِ تجوید اور پروگرام کے کنوینر قاری مطیع الرحمن قاسمی کو اس کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کی۔پروگرام کے دوران قاری مطیع الرحمن قاسمی نے بھی اپنی خوش الحان تلاوت سے مجلس کو مزید نورانیت بخشی۔ مسابقے کے اختتام پر نتائج کا اعلان کیا گیا جس میں اول پوزیشن شعبان گندیوڑہ دوم پوزیشن محمد دانش کھیڑی سوم پوزیشن عبد الاحد دہرہ دون نے حاصل کی۔ کامیاب طلبہ کو نقد انعامات قیمتی کتب اور شیلڈز پیش کی گئیں۔مسابقے کے لیے بطور حکمِ اول مولانا مفتی فرزان قاسمی (استاذِ تجوید دارالعلوم اسعدیہ ایکڑ) حکمِ ثانی قاری محمد احسان مہتمم مدرسہ حسان بن ثابت ملا نگراج پورحکمِ ثالث قاری محمد ندیم قاسمی رائے پورنے فرائض انجام دیے۔ پروگرام کا اختتام صدر مجلس الحاج فضل الرحمان نانکوی کی دعاپر ہوا۔












