نئی دہلی،سماج نیوز سروس: عام آدمی پارٹی نے ایم سی ڈی کے صفائی محکمہ میں تعینات اے ایس آئی راج کمار سولنکی کی خودکشی کے معاملے پر بی جے پی پر سخت حملہ بولا ہے۔ آپ کے ایم سی ڈی کے شریک انچارج پروین کمار نے کہا کہ چار انجن والی بی جے پی سرکار میں ایم سی ڈی افسران پر وصولی کا زبردست دباؤ ہے۔ افسران کے استحصال کا شکار اے ایس آئی کی خودکشی کے معاملے کی سی بی آئی سے جانچ ہونی چاہیے۔ وہیں، کارپوریشن کونسلر راجیو چودھری نے کہا کہ اے ایس آئی کی خودکشی نے بی جے پی حکومت میں ایم سی ڈی میں جڑیں جما چکی بدعنوانی کی پول کھول دی ہے۔ اے ایس آئی معطل چل رہے تھے اور خودکشی سے پہلے ان کی ایک آڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی بحالی کے لیے ان سے 2 لاکھ روپے رشوت مانگی جا رہی تھی اور اسی دباؤ میں آکر انہوں نے خودکشی جیسے قدم اٹھایا۔ انہوں نے بی جے پی کے زیر اقتدار ایم سی ڈی سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندان کو ایک کروڑ روپے معاوضہ دیا جائے اور خاندان کے ایک فرد کو اسی عہدے پر سرکاری نوکری دی جائے، نیز پورے معاملے کی سی بی آئی سے غیر جانبدارانہ جانچ کرائی جائے۔ پروین کمار نے کہا کہ بی جے پی کی چار انجن والی حکومت کے تحت انتظامی نظام کا غلط استعمال ہو رہا ہے اور افسران پر غیر قانونی وصولی کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے اسے انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف نظام کی شفافیت متاثر ہو رہی ہے بلکہ ایمانداری سے کام کرنے والے افسران کا حوصلہ بھی ٹوٹ رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس پورے معاملے کی آزادانہ اور منصفانہ جانچ کرائی جائے اور سی بی آئی کو اس کی تحقیقات سونپی جائیں تاکہ سچائی سامنے آ سکے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی ہو سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وقت رہتے ایسے معاملات پر روک نہ لگائی گئی تو اس کے اثرات عام عوام پر بھی پڑیں گے اور بدعنوانی مزید مضبوط ہوگی۔کارپوریشن کونسلر راجیو چودھری نے کہا کہ 29 اپریل کو ایم سی ڈی کے صفائی محکمہ کے ایک اسسٹنٹ سینیٹیشن انسپکٹر (اے ایس آئی) نے زون دفتر کی چھت سے کود کر خودکشی کر لی۔












