بلند شہر26 ؍ مئی،؍سماج نیوز سروس:کانوں میں ایئر فون لگا کر ریلو ے ٹر یک پر گھوم رہے نوجوان کو تیز رفتار ٹر ین نے اپنی زد میں لے لیا جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔عینی شاہدین کے مطابق نوجوان کے دونوں کانوں میں ایئربڈز لگے ہوئے تھے۔ جبکہ واقعہ کے وقت وہ موبائل میں بھی مصروف تھا۔ مقامی خاتون پونم نے بتایا کہ نوجوان جمعہ کی دوپہر تقریبا ساڑھے بارہ بجے ریلوے لائن پر پیدل جا رہا تھا۔ نوجوان کے ہاتھ میں موبائل تھا اور دونوں کانوں میں ایئربڈز لگے ہوئے تھے۔ پونم کے مطابق نوجوان غالباً موبائل میں میوزک سن رہا تھا۔ اسی دوران ٹرین کے مسلسل ہارن بجانے کے بعد بھی نوجوان پٹری سے نہیں ہٹا، شاید نوجوان کو ہارن کی آواز سنائی نہیں دی ۔ جبکہ پونم نے بھی نوجوان کو ریلوے لائن سے ہٹنے کا اشار ہ کیا۔ لیکن اس سے پہلے کہ نوجوان کچھ سمجھ پاتا وہ ٹرین کی زد میں آ گیا اور اس کی مو قع پر ہی موت ہوگئی ۔ اطلا ع پر پہنچی پو لیس نے نوجوان کی شناخت کے بعد پنچنامہ بھر کر لاش کو پو سٹ مارٹم کیلئے بھیج کراہل خانہ کومطلع کردیاہے ۔ متوفی نوجوان کی شناخت کستورا گاؤں کے رہنے والے کیشو کے طور پر ہوئی ہے،حادثے کی خبر کے بعد متوفی کے اہل خانہ میں کہرام مچاہوا ہے۔












