دیوبند، گزشتہ دیر رات دیوبند میں لگنے والے میلہ کی سیر کرنے کے لئے آنے والے ایک نوجوان کی بائک سامنے سے آنے والی ایک تیز رفتار بائک سے ٹکر ا گئی، جس کے نتیجہ میں میلہ دیکھنے کی غرض سے آنے والے نوجوان کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی ۔ اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو قبضہ میں لے کر پنچ نامہ بھرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ضلع مظفرنگر کے قصبہ چرتھاول کا باشندہ ساون ولد روی گزشتہ دیر رات بذریعہ موٹر سائیکل دیوبند میں لگنے والے میلہ کی سیر کرنے کے لئے آیا تھا، لیکن جب وہ دیوبند ایس ڈی ایم کورٹ سے پہلے ہائی وے پر واقع سین پور گاؤں کے نزدیک پہنچا تو سامنے سے آنے والی ایک تیز رفتار بائک نے ساون کی بائک میں ٹکر ماردی ، یہ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ ساون کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی ، پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ضلع اسپتال بھیج دیا۔ بعد ازاں پولیس نے اس حادثہ کی اطلاع ساون کے اہل خانہ کو دی ، اطلاع ملتے ہی خاندان کے افراد سرکاری اسپتال پہنچ گئے ، غم زدہ خاندان کو وہاں موجود ڈاکٹروں ، پولیس کی ٹیم اور دیگر افراد نے حوصلہ اور ہمت سے کام لینے کا مشورہ دیا۔












