سلطان پور، (یواین آئی) لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی سے متعلق ہتکِ عزت کے مقدمے کی سماعت سلطان پور کی خصوصی عدالت میں 12 مارچ کو ہوگی۔ مدعی وجے مشرا کے وکیل سنتوش کمار پانڈے نے بتایا کہ خصوصی جج شبھم ورما نے مقدمے میں آئندہ کارروائی اور بحث کے لیے 12 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 20 فروری کو رائے بریلی سے رکن پارلیمنٹ اور قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے عدالت میں دفعہ 313 کے تحت اپنا بیان درج کرایا تھا۔ عدالت میں راہل گاندھی نے کہا تھا کہ سیاسی دشمنی کے تحت ان کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور وہ اس معاملے میں اپنا ثبوت پیش کریں گے۔ وکیل کے مطابق مدعی اور بی جے پی لیڈر وجے مشرا کے ساتھ ساتھ دو گواہوں سے جرح مکمل ہو چکی ہے۔ راہل گاندھی کے وکیل کاشی پرساد شکلا نے بتایا کہ عدالت نے مزید بحث کے لیے 12 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے۔ یہ معاملہ سال 2018 سے متعلق ہے۔ ہنومان گنج کے رہنے والے بی جے پی لیڈر وجے مشرا نے راہل گاندھی کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ ان کا الزام ہے کہ 2018 کے کرناٹک اسمبلی انتخابات کے دوران راہل گاندھی نے اُس وقت کے بی جے پی صدر اور موجودہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف قابلِ اعتراض بیان دیا تھا۔ دسمبر 2023 میں راہل گاندھی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کے خلاف وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔












