ممبئی: 31دسمبر /سماج نیوز سروس ۔نئے سال کے لئے لوگوں کی تیاریوں کے پیش نظر ممبئی پولیس نے بھی سخت انتظامات کئے ہیں۔ ایسے میں ممبئی پولیس کو کل شام ایک دھمکی آمیز فون کال موصول ہوئی ۔ فون کرنے والے نے دعویٰ کیا کہ ممبئی میں دھماکے ہوں گے اور یہ کہہ کر اس نے کال منقطع کر دی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس کال کے بعد سبھی تھانوں اور کرائم یونٹس کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ فون کال کل شام 6 بجے کے قریب آئی تھی۔ اس کے بعد پولیس نے کئی جگہوں پر چھان بین بھی کی، لیکن اب تک کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔ ممبئی پولیس کنٹرول روم فی الحال فون کرنے والے کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ اس نے ایسی کال کیوں کی۔ بتادیں کہ ممبئی میں نئے سال کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لئے ریاستی ریزرو پولیس فورس (ایس آر پی ایف) اور کوئیک ری ایکشن ٹیم (کیو آر ٹی) کے اہلکاروں سمیت 15 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے رہیں گے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ گیٹ وے آف انڈیا، میرین ڈرائیو، دادر، باندرہ، بینڈ اسٹینڈ اور جوہو ایسے مقامات پر جہاں 31 دسمبر کو لوگ بڑی تعداد میں جمع ہوتے ہیں، پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی انتظامات کے تحت 22 ڈپٹی کمشنر آف پولیس، 45 اسسٹنٹ کمشنرز، 2051 افسران اور 11500 کانسٹیبل الگ الگ مقامات پر تعینات کئے جائیں گے۔
نئے سال کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ممبئی پولیس ہائی الرٹ پر ہے اور اہم سڑکوں اور اہم مقامات پر چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی۔ عہدیدار نے کہا کہ چھیڑ چھاڑ کرنے والوں، ہنگامہ آرائی کرنے والوں اور غیر قانونی شراب اور منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔












