نئی دہلی، (یو این آئی) دہلی یونیورسٹی کے پی جی ڈی اے وی کالج کے زیر اہتمام تیسرے ‘سوامی دیانند سرسوتی ڈے نائٹ ٹی-20 کرکٹ ٹورنامنٹ’ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ افتتاحی میچ میں میزبان پی جی ڈی اے وی بلیو نے کالج آف ووکیشنل اسٹڈیز (سی سی ایس) کو 32 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پی جی ڈی اے وی بلو نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ مندیپ نے 52 رنز کی شاندار نصف سنچری اسکور کی، جبکہ انوج نے 37 اور ناسا نے 32 رنز کا حصہ ڈالا۔سی وی ایس کے زینم شاہ نے 3، جبکہ آرت اور دیپانش نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں کالج آف ووکیشنل اسٹڈیز کی ٹیم 19.3 اوورز میں 170 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔رشی آرین نے 63 رنز کی دلیرانہ اننگز کھیلی مگر ٹیم کو جیت نہ دلا سکے۔پی جی ڈی اے وی کے برائن جھا نے محض 19 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں حاصل کیں اور ‘پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ گورو اور دکش نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ٹورنامنٹ کا افتتاح دہلی یونیورسٹی کے ڈیین پروفیسر بلرام پانی نے کیا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگی میں کھیلوں کو اپنائیں کیونکہ یہ جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے ناگزیر ہے۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر درویندر کمار، ڈی ڈی سی اے رکن پرمود جین اور دہلی ساکرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر جگدیش ملہوترا بھی موجود تھے۔ٹورنامنٹ کا ڈھانچہ اور ریکارڈزپروفیسر درویندر کمار نے میڈیا کو بتایا کہ پی جی ڈی اے وی کالج کھیلوں کے میدان میں نئی تاریخ رقم کر رہا ہے۔ایونٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 30 اپریل تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 27 ڈے نائٹ میچز کھیلے جائیں گے۔پی جی ڈی اے وی نے 27 سال بعد ڈی یو انٹر کالج کرکٹ چیمپئن شپ جیتی ہے، اس کے علاوہ فٹ بال، والی بال اور جوڈو میں بھی کالج کی ٹیمیں دفاعی چیمپئن ہیں۔ٹورنامنٹ کے تمام میچز کا براہِ راست لائیو نشر کیا جا رہا ہے، جس سے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بڑا پلیٹ فارم میسر آیا ہے۔












