نئی دہلی : بزنس اینڈ ایمپلائمنٹ بیورو( بی ای بی ) اور اے ایم پی کی جانب سے ہمدرد بلڈنگ آصف علی روڈ پر لگائے گئے جاب ڈرائیو میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اس جاب ڈرائیو میں ۲۷۳ امیدواروں کو نوکری مل گئی ہے۔ بی ای بی کے ایگزکٹیو سکریٹری شوکت مفتی نے خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا مشن یہی ہے کہ بے روزگاروں کو روزگا ردلانے میں مدد کی جائے ۔
اس جاب ڈرائیو میں قریب ۹۰۰ امیدواروںنے رجسٹریشن کرایا تھا۔ جن میں سے ۶۰۰ امیدوار انٹرویو کے لیے منتخب ہوئے تھے اوران میں سے ۳۷۶ امیدوار شارٹ لسٹ ہوئے تھے اور اب انہی میں سے ۲۷۳ لوگوں کو نوکری دے دی گئی ہے۔ شوکت مفتی نے بتایا کہ ہمارا کام صرف جاب ڈرائیو منعقد کرنا ہی نہیں بلکہ ہم کمپنیوں سے مسلسل رابطہ میں رہتے ہیں اور ڈیٹا یکجا کرتے ہیں کہ کتنے لوگوں کو نوکری مل گئی ہے۔ جاب ڈرائیو کے بعد ہم لوگ اسی پر کام کررہے تھے اور ایک ڈیٹا ہمارے پاس آیا کہ ۲۷۳ ؍ لوگوں کو نوکری مل چکی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ان میں جو فریشر ہیں ان کو پندرہ سے بیس ہزار تک تنخواہ اور جو تجربہ کار ہیں انھیں تیس سے پنتالیس ہزار روپے تک تنخواہ دی جائے گی۔ دراصل مرحوم حکیم عبدالحمید نے ۱۹۷۲ میں بی ای بی کی بنیاد رکھی تھی جس کا مقصد یہی تھا کہ بے روزگار لوگوں کو ٹریننگ دے کر روزگار سے جوڑا جائے ۔ جب نوجوان روزگار سے جڑے گا تبھی وہ اپنے خاندان اور ملک کی خدمت کرپائے گا۔ ہم لوگ پچاس سالوں سے حکیم صاحب کے اسی خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں کوشاں ہیںاور اب تک ہزاروں لوگوں کو نوکری مل چکی ہے۔ ہمیں اس کام میں حماد احمد چانسلر، حامد احمد اور ساجد احمد کا بھی مکمل تعاون حاصل ہے ۔












