دیوبند، سماج نیوز سروس:عالمی شہرت یافتہ دینی تعلیمی ادارہ دارالعلوم دیوبند میں شوریٰ کا تین روزہ بجٹ اجلاس آج صبح سے شروع ہو گیا ہے، جس میں ادارے کے بجٹ میں اضافے کے ساتھ ادارہ کی تعمیر و ترقی کے متعلق متعدد اہم تجاویز منظور کی جائینگی۔شوریٰ کا تین روزہ اجلاس پیر کی صبح نو بجے دارالعلوم دیوبند کے مہمان خانہ میں شروع ہوا، جس میں سب سے پہلے ادارے کے بجٹ پر بحث ہوئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ بجٹ اور اس سے متعلقہ کاموں میں شوریٰ کا کافی وقت لگے گا، اس بار مہنگائی کی وجہ سے ادارے کے بجٹ میں اضافہ کیا جاسکتاہے۔سہ روزہ اجلاس پانچ نشستوں پر مشتمل ہے،جس کی پہلی نشست پیر کی صبح منعقد ہوئی،جس میں ادارہ کے متعدد شعبہ جات کے نظماء باالخصوص تعلیمات،محاسبی، تعمیرات، تنظیم و ترقی نے اپنی اپنی رپورٹیں پیش کیں،جس پر اراکین شوریٰ نے اطمینان کا اظہار کیا۔اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ،کئی غیر مستقل اساتذہ و ملازمین کو مستقل ،کئی نئی تقریوں اور کچھ لوگوں کی ترقی کے متعلق بھی فیصلہ کیا جائیگا،وہیں کچھ تعمیرات کے سلسلہ میں قانونی پیچیدگیوں کو لیکر شوریٰ نے کافی غورو فکر کیاگیا۔اس کے علاوہ طلبہ کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے شوریٰ کی جانب سے 30 بستروں پر مشتمل اسپتال کی تعمیر کی منظور کردہ تجویز پر کام شرو ع کئے جانے کو بھی منظوری مل سکتی ہے۔وہیں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے قومی صدر اور رکن شوریٰ بزرگ عالم دین حضرت مولانا سید رابع حسنی ندویؒ ندوی کے انتقال سے خالی ہوئی نشست پر نئے رکن شوریٰ کا انتخاب بھی عمل میں آسکتاہے۔ حالانکہ منگل کا دن شوریٰ کے لئے نہایت اہم ہے، کیونکہ تمام اہم فیصلوں پر آج ہی مہر لگائی جائے گی جبکہ کچھ فیصلوں کو بدھ کو حتمی شکل دی جائے گی۔
اجلاس میں مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی، صدرالمدرسین مولانا سید ارشد مدنی،سابق رکن پارلیمنٹ مولانا محمود مدنی، مولانا غلام محمد وستانوی، ایم ایل اے مولانا اسماعیل مالیگاؤں، حکیم محمد کلیم اللہ علی گڑھی، مولانا عبدالعلیم فاروقی لکھنؤ، مولانا حبیب باندوی، مفتی شفیق بنگلور، مولانا عاقل سہارنپوری، مولانا ملک ابراہیم مدراس، مولانا رحمت اللہ کشمیری،مولانا عاقل گڑھی دولت، مولانا انوار الرحمن بجنوری، مولانا سید انظر حسین میاں دیوبندی، مولانا محمود راجستھانی اور مولانا عبدالصمد بنگال شامل ہوئے جبکہ رکن پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل منگل اور بدھ کے اجلاس میں شرکت کر سکتے ہیں۔