دیوبند: (سماج نیوز سروس ) سماجوادی پارٹی نے آئندہ 29؍مارچ کو ایک بھائی چارہ ریلی منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔اعلان میں بتایا گیا ہے کہ سماجوادی پارٹی کے قائد اکھلیش یادو اس ریلی مہمان خصوصی ہوں گے ۔اس کے علاوہ اترپردیش کے 32اضلاع کے 140؍اسمبلی حلقوں سے عوامی سیلاب ریلی میں شرکت کرے گا ۔تفصیل کے مطابق سہارنپور کے گھنٹہ گھر پر واقع ایک مٹینگ ہال میں آئندہ 29؍ مارچ کو دادری میں منعقد کی جانے والی سماجوادی سمانتا بھائی چارہ ریلی سے متعلق ایک پر یس کانفرنس منعقد کی گئی ۔پریس کا نفرنس کے دوران سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور میئر ابھیشیک ٹنکو اروڑہ نے پارٹی کے قومی ترجمان راج کمار بھاٹی کا پگڑی پہنا کر اور شال اوڑھا کر شاندار استقبال کیا ۔انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ 29؍ مارچ کو دادری میں منعقد کی جانے والی یہ ریلی مغربی اترپردیش کی سیاست کے لئے ایک بڑا پیغام ہوگا ،انہوں نے کہا کہ ریلی کے مہمان خصوصی کے طور پر سماجوادی پارٹی کے قائد اکھلیش یادو عوامی ریلی کو خطاب کریں گے ۔راج کمار بھاٹی نے دعویٰ کیا کہ اس ریلی میں اترپردیش کے 32اضلاع کے تقریبا 140؍ اسمبلی حلقوں سے بڑی تعداد میں لو گ شرکت کریں گے ،انہوں نے کہا کہ یہ ریلی 2027؍ میں ہونے والے اسمبلی الیکشن کا اعلان ہوگا ، انہوں نے بتایا کہ اس ریلی میں تمام مذاہب ،ذات برادری اور ہرطبقۂ فکر کے لوگ شامل ہوں گے جن میں پی ڈی اے سماج ،پسماندہ ،دلت ، آدیواسی ،اقلیتی طبقات کے لوگ اور نہایت پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی شرکت ہوگی ۔انہوں نے بتایا کہ اس ریلی کے لئے اگست 2025؍ سے تیار ی کی جارہی ہے ،اب تک 50؍ سے زائد اسمبلی حلقوں میں پی ڈی اے چوپال منعقد کرکے سیاسی بیدار ی پروگرام چلایا گیا ہے ۔اس موقع پر لوہیا واہنی کے قومی صدر چندر شیکھر یادو،صوبائی سکریٹری دھرم ویر کھٹانا ، ضلع آفس انچارج فیصل سلمانی ،بھیم کھٹانا شبھم ورما ، روی یادو ،پنکج رانا اور کپل شرما سمیت پارٹی کارکنان اور معزز شخصیات موجود رہیں ۔












