اعجاز ڈار
سرینگر ،سماج نیوز سروس:جموں کشمیر میں ’’جنگل راج ‘‘کو برداشت نہیں کیا جائے گا کا واضح پیغام دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا پر زور دیا کہ وہ رام بن کے نوجوان کی موت کے پیچھے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا پر زور دیا کہ وہ رام بن کے نوجوان کی موت کے پیچھے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کریں، تاکہ یہ سخت پیغام دیا جائے کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں جنگل راج کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔جنوبی قصبہ بجبہاڑہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے کہا ’’ہم چاہتے ہیں کہ ماحول اچھا رہے، لیکن کچھ لوگ ہیں جو یہاں جنگل راج بنانا چاہتے ہیں۔ وہ یہاں کے ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں اور فرقہ وارانہ تنازعہ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ‘‘ رام بن واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ وہاں ایک بے قصور شخص کو مارا گیا۔انہوں نے کہا کہ میں ان لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں جو مذہب کی آڑ میں یہاں کا ماحول خراب کرنا چاہتے ہیں کہ جب تک میری حکومت ہے ہم انہیں جموں و کشمیر میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔وزیر اعلیٰ نے لیفٹنٹ گورنمنٹ سنہا سے اپیل کی کہ وہ قتل میں ملوث افراد اور ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریںتاکہ یہ پیغام جائے کہ موجودہ حکومت جموں و کشمیر میں اس غنڈہ گردی، اس جنگل راج کی اجازت نہیں دے گی۔خیال رہے کہ حکام نے منگل کے روز جموں کے رام بن میں ایک ایسے شخص کیلئے ملٹی ایجنسی کی تلاش کو تیز کر دیا ہے جس کے بارے میں خدشہ ہے کہ اس کی گاڑی میں گائے لے جانے کے بعد مبینہ طور پر حملہ کیا گیا تھا۔ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور اس کیس کے سلسلے میں چار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔












