نئی دہلی ،ُریس ریلیز،ہماراسماج:بستی حضرت نظام الدین اولیاءؒ کے خواجہ ہال میں عظیم صوفی بزرگ اور “طوطیٔ ہند” حضرت امیر خسروؒ کے 722ویں سالانہ عرس کے موقع پر ایک باوقار علمی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت معروف اسکالر اور پدم شری ایوارڈ یافتہ پروفیسر اخترالواسع نے کی، جبکہ ڈاکٹر سید فاروق بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے اور تقریب کی رونق بڑھائی۔یہ پروگرام درگاہ حضرت نظام الدین اولیاءؒ کے سجادہ نشین خواجہ محمد شافی نظامی کی قیادت میں منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے حضرت امیر خسروؒ کی حیاتِ مبارکہ، علمی و ادبی خدمات اور صوفیانہ وراثت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ڈاکٹر سید فاروق نے حضرت امیر خسروؒ کو قومی یکجہتی کی علامت اور زبانِ ہندوی کے بانیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے ان کے پیغامِ محبت اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر حضرت خواجہ سید محمد علی نظامیؒ کی شخصیت پر مبنی خصوصی کتاب “خراجِ عقیدت” کی بھی معزز مہمانوں کے ہاتھوں رسمِ اجرا انجام دی گئی۔سیمینار کے بعد لنگر اور محفلِ سماع کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ملک بھر سے آئے ہوئے ممتاز علما، دانشوروں، صوفی نمائندوں اور شعرا نے سیمینار میں شرکت کی اور صوفی روایات کے تحفظ اور فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔












