شام:شام میں سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے پیر اور منگل کی درمیانی شب ملک کے شمالی حصے میں بانیاس شہر کے اطراف فضائی حملہ کیا۔
شام میں انسانی حقوق کی رصد گاہ المرصد کے سربراہ رامی عبد الرحمن نے "الحدث” نیوز چینل کے ساتھ گفتگو میں بتایا کہ شہر میں دو بڑے دھماکے ہوئے تاہم اس بات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی کہ آیا یہ دھماکے اسرائیلی حملے کا نتیجہ تھے یا نہیں۔
رامی کے مطابق بانیاس شہر میں تیل کی بندر گاہ ہے جہاں ایرانی بحری جہاز اور تیل بردار جہاز پہنچتے ہیں البتہ اسلحے کے جہاز عام طور پر طرطوس اور الاذقیہ کی بندر گاہوں پر آتے ہیں۔
المرصد کے سربراہ نے بانیاس اور اس کے اطراف میں ایرانی عسکری افسران کی موجودگی کی تصدیق کی۔ ان میں سے بعض عناصر کچھ عرصہ قبل مارے گئے تھے۔ رامی کے مطابق اسرائیل نے متعدد بار وہاں ایرانی مجموعوں کو نشانہ بنایا۔
المرصد کے سربراہ نے انکشاف کیا کہ شامی صدر کی میڈیا مشیر لونا الشبل جو گذشتہ ہفتے ہلاک ہو گئی تھیں، ان کی موت کسی ٹریفک حادثے میں نہیں ہوئی جیسا کہ سرکاری طور پر اعلان کیا گیا۔
رامی نے مزید بتایا کہ "لونا کا بھائی ملہم جو شامی فوج میں بریگیڈیر جنرل ہے اس پر شام میں موجود ایرانی جماعتوں کے بارے میں معلومات اِفشا کرنے کا الزام ہے۔ اسی طرح متوفیہ لونا الشبل پر بھی الزام تھا کہ انہوں نے شامی اور ایرانی عسکری افسران کے درمیان ہونے والی خفیہ ملاقاتوں اور اجلاسوں کی معلومات افشا کیں”۔لونا الشبل کا بھائی ملہم الشبل اور شوہر عمار ساعاتی اس وقت شامی فوج کی حراست میں ہیں۔المرصد کے سربراہ کے مطابق یہ تمام معلومات شام میں صدارتی محل میں موجود افسران کے ذریعے افشا ہوئیں۔