دیوبند، دیوبند کے قریبی گاؤں قاسم پورہ میں زمینی رنجش کے سبب ایک ہی خاندان کے دو فریقوں کے درمیان زبردست مارپیٹ ہوئی جس کے نتیجہ میں ایک فریق کی دو بہنیں زخمی ہوگئیں۔ دونوں زخمی خواتین دیوبند کوتوالی میں تحریر دے کر خاندان کے ہی کچھ لوگوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ ان کی جائیداد پر زبردستی قبضہ کرنا چاہتے ہیں، اس لئے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق قاسم پورہ گاؤں کی باشندہ بالا اور پھول کلی نے کوتوالی میں ایک تحریر دیتے ہوئے بتایا کہ گاؤں میں ان کی اپنی ذاتی جائیداد ہے ، مذکورہ جائیداد کو ان کی والدہ نے دونوں بہنوں کے درمیان تقسیم کردیا تھا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ خاندان کے ہی کچھ افراد ان کی جائیداد پر زبردستی قبضہ کرنا چاہتے ہیں ، متأ ثرہ خاتون بالا نے بتایا کہ صبح سویرے اس کی زمین پر خاندان کے ہی کچھ لوگوں نے قبضہ کرنے کی نیت سے تعمیری کا م شروع کردیا ، لیکن جب اس نے اور اس کی بہن نے تعمیر کی مخالفت کی تو ملزمان نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی ، لاٹھی ڈنڈوں سے مارپیٹ کرکے دونوں بہنوں کو زخمی کردیا ، دونوں بہنوں نے بتایا کہ اگر شورو غل کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ موقع پر نہ آتے تو ملزمان انہیں جان سے ہی ماردیتے ۔ کوتوالی انچارج ایچ این سنگھ کا کہنا ہے کہ تحریر کی بنیاد پر پورے معاملہ کی تحقیق کی جارہی ہے ۔ جانچ رپورٹ آنے کے بعد ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔












