ادے پور (یو این آئی) راجستھان کے ادے پور کی مہیشوری چوہان نے پیرس اولمپکس 2024 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ و نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف انڈیا (این آر اے آئی) کے زیر اہتمام قومی سلیکشن کمیٹی کی منگل کو منعقد ہوئی میٹنگ کے بعد آئندہ پیرس 2024 اولمپک گیمز کے لیے ہندوستانی شاٹ گن ٹیم کا اعلان کیا گیا۔ مہیشوری اور اننت جیت اسکیٹ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں واحد ہندوستانی جوڑی کے طور پر دکھائی دیں گے۔ ان کے نام اسکیٹ ایونٹ میں قومی ریکارڈ بھی ہے۔ مہیشوری پہلے ہی قومی اور بین الاقوامی سطح پر کئی تمغے جیت چکی ہیں۔اس سے قبل مہیشوری نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں آئی ایس ایس ایف شاٹ گن اولمپک کوالیفکیشن چیمپئن شپ میں خواتین کی اسکیٹ شوٹنگ میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ مہیشوری چوہان کا اولمپک ایونٹ 3 سے 5 اگست تک پیرس اولمپکس میں شاتیرومیں ہوگا۔ اس کے لیے وہ اٹلی میں ایک ماہ سے سخت پریکٹس کر رہی ہیں۔ وہ 25 جون کو ادے پور آئیں گی اور جولائی میں دوبارہ پریکٹس کے لیے اٹلی روانہ ہوں گی اور وہاں سے پیرس روانہ ہوں گی۔












