ناندیڑ،پریس ریلیز ،ہمارا سماج: آ ج یہاں جمعیۃ علماء کے زیر اہتمام مسجد حضرت عثمان رضی اللہ عنہ بلولی ضلع ناندیڑ میں جلسہ سیرۃالنبی صلی اللہ علیہ وسلم و اصلاح معاشرکا انعقاد عمل میں آیا ،جس کا آغاز قر آن کریم کی تلاوت اور نعتیہ کلام سے ہوا، مفتی حماد قریشی صاحب(آرگنائزر جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ )نےاجلاس کی غرض و غایت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اصلاح معاشرہ اور سیرۃ النبی ﷺ کی یہ مہم مولانا حافظ ندیم صدیقی صاحب (صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر) کی نگرانی اورمولانا قاری شمس الحق صاحب قریشی ( صدر جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ) کی صدارت میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہو رہے ہیں ۔ مولانا عثمان فیصل صاحب( صدر جمعیۃ علماء ضلع ناندیڑ)نے اپنے تمہیدی کلمات میں اصلاح معاشرہ کے وفد میں شامل علماء اور ذمہ داران کا تعارف پیش کیا اور حاضرین کو ان علماء کرام کے بیانات کو مکمل توجہ اور انہماک کے ساتھ سننے کی ترغیب دلائی ۔اجلاس کے مرکزی مقرر حضرت مولانا عرفان صاحب(مبلغ دارالعلوم دیوبند)نے اپنے جامع اور فکر انگیز خطاب میں فرمایا کہ دین صرف علماء حق سے حاصل کیا جا سکتا ہے اور علم دین کو خالص نیت کے ساتھ سیکھنے کی ضرورت ہے، موصوف نے نماز کے اہتمام اور اس میں خضوع و خشوع پیدا کرنے کے مختلف طریقے بیان کئے مولانا نے فرمایا کہ زبان کی حفاظت‘ گناہوں سے دور رہنے کا اہم ذریعہ ہے اس لئے زبان کی حفاظت اور اس کا صحیح استعمال اور زبان کے گناہوں سے بچنے کی تاکید کرتے ہوئےحرص وطمع کی مذمت کی اور اس کے نقصانات پر مفصل روشنی ڈالی۔مفتی عبدالرحمن صاحب نایئگاوی ( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مر ہٹواڑہ ) نے اپنے بصیرت افروز خطاب میں جمعیۃ علماء کے قیام کا پس منظر، تاریخ، اور اس کی عظیم قربانیوں کو تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے جمعیت علماء ہند کی جدوجہد اور اس کے ذریعے ملک و ملت کی اصلاح کی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کے عظیم مقاصد کو سامعین کے سامنے پیش کیا۔صد ر اجلاس مولانا قاری شمس الحق صاحب قریشی( صدر جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ) نے اصلاح معاشرہ کی ضرورت پر زور د یتے ہوئے فرمایا کہ آج کے معاشرے کو نماز کے اہتمام، نشہ اور دیگر منکرات سے بچنے، سود و غیر شرعی رسوم جیسے برے اعمال سے دور رہنے کی ضرورت ہے، انہوں نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں زندگی کو بہتر بنانے کی تلقین کی اور لوگوں کو عہد کرنے کی ترغیب دی کہ وہ اسلامی احکام کے مطابق اپنی زندگی گزاریں گے، اس بابرکت اجلاس میں علمائے کرام، مشائخ عظام، اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت فرمائی۔آخر میں مولانا مبین صاحب(نائب صدر جمعیۃ علماء بلولی) نے اس بابرکت اجتماع کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، علماء اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا، اجلاس کا اختتام حضرت مولانا عرفان صاحب کی پُراثر دعاء پر ہوا۔