نئی دہلی ،31جنوری ، پریس ریلیز ہماراسماج: ریسرچ سکالر کے تحقیقی معیار کو بہتر بنانے کی کوششوں کورفتار دیتے ہوئے دہلی یونی ورسٹی کے شعبہ¿ عربی میں آج ریسرچ سکالر ماہانہ پیپر پرزینٹیشن پر وگرام (آر ایس ایم پی پی ایس) کا انعقاد عمل میں آیا جس میں پروفیسر سید حسنین اختر،سینئر استاذ شعبہ عربی دہلی یونی ورسٹی،پروفیسر نعیم الحسن ،صدرِ شعبہ ،ڈاکٹر مجیب اختر،ڈاکٹر محمد اکرم اورڈاکٹر اصغر محمود اساتذہ شعبہ¿ ہذا سمیت بڑی تعداد میں ریسرچ سکالرز نے شرکت کی۔پروگرام کا تعارف اور اس کی معنویت کو بیان کرتے ہوئے صدر شعبہ پروفیسر نعیم الحسن نے کہا کہ ریسرچ کی اہمیت اور اس کی نزاکت کو سمجھنا اچھی تحقیق کی بنیاد ہے او رجب آپ اس طرح کے پروگرام میں شرکت کرتے ہیں تو آپ کی خوابیدہ صلاحیت کو تحریک ملتی ہے جس کے بعد کسی سکالر سے ایک اچھے تحقیقی کام کی توقع کی جاتی ہے۔پروگرام میں شعبہ کے ریسرچ سکالر محمد سلمان نے اپنے پی ایچ ڈی کے عنوان ”حنا مینا کے ناول میں اہم سماجی مسائل“ پر اپنا مقالہ پیش کیا جس میں انھوں نے شامی ناول نگار حنا مینا کے عربی ناول اور اس کی فنی خوبیوں وخامیوں کو تحقیقی زاویے میں پیش کیا ۔دوسرے سکالر نوشاد نوری نے ”آزاد ہندوستان میں عربی نثر نگاری کے انواع“ پر اپنا تحقیقی مقالہ پیش کرتے ہوئے ہندوستانی علما کی نثرنگاری میں بیش بہا خدمات کا تحقیق تعارف پیش کیا۔اس سے قبل پروگرام کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے پروفیسر سید حسنین اختر نے اس طرح کے پروگرامز کو سکالرز کی تحقیقی صلاحیت کو نکھارنے کا پلیٹ فارم قرار دیا اور اس میں تمام طلبا وسکالرز کی شرکت کو لازمی قرار دینے کی تجویز پیش کی۔پروگرام میں ڈاکٹر آصف اقبال، ڈاکٹر ابو تراب ،ڈاکٹر نعیم الحسن گیسٹ اساتذہ ،شعبہ ہذا نے بھی شرکت کی۔












