امریکا:سی این این نے پیر کے روز ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کو خدشہ ہے حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کے قتل کے جواب میں اسرائیل پر ایران حملہ کر سکتا ہے۔ اسرائیل نے جمعہ 27 ستمبر کو بیروت کے علاقے میں ایک حملے میں قتل کردیا۔ امریکی اہلکار نے کہا ہے کہ ہم اسرائیل کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ایرانی حملے کی صورت میں اپنے دفاع کو مضبوط کیا جا سکے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب بلومبرگ نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ایران اب ہزاروں جنگجوؤں کو لبنان اور شام کے سرحدی علاقوں میں منتقل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ ایران نے گزشتہ دو ماہ کے دوران ہزاروں جنگجوؤں کو عراق سے شام منتقل کیا۔
ویب سائٹ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ایران جنگجوؤں کو شام اور لبنان منتقل کر کے اپنی قوت مدافعت کو مضبوط کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ حزب اللہ نے لبنان اور شام کی سرحد پر سرنگوں کا ایک پیچیدہ نیٹ ورک بنا رکھا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے بات کریں گے ۔ مشرق وسطیٰ میں ہمہ گیر جنگ سے گریز کیا جانا چاہیے۔
صدر بائیڈن کے بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اتوار کے روز لبنان بھر میں اسرائیلی فضائی حملوں میں درجنوں افراد مارے گئے ہیں۔ بائیڈن نے نیتن یاہو کے ساتھ اپنی کال کی تاریخ کا ذکر نہیں کیا۔ اتوار کو امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا کہ واشنگٹن آنے والے دنوں میں مشرق وسطیٰ میں اپنی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرے گا۔پینٹاگون کے ترجمان میجر پیٹرک رائیڈر نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے مزید افواج کو تعیناتی کے لیے اعلیٰ سطح پر تیاری کا کہا ہے ۔ بیان میں ان نئے طیاروں کے بارے میں تفصیلات کا ذکر نہیں کیا گیا جو خطے میں تعینات کیے جائیں گے۔