احمدآباد،27؍نومبر():گجرات میں گزشتہ روز ہونے والی بے وقت موسلادھار بارش سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے۔ سرکاری محکمے کے مطابق ان تمام 20 افراد کی موت آسمانی بجلی گرنے سے ہوئی۔ اس کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ شدید بارشوں سے 40 مویشی بھی مر گئے ہیں۔ بھاری بارش کا سب سے زیادہ اثر گجرات کے امریلی، سریندر نگر، مہسانہ، بوٹاڈ، پنچ محل، کھیڑا، سابر کانٹھا، سورت اور احمد آباد اضلاع میں ہوا ہے۔ موسلادھار بارش کے ساتھ ساتھ ان اضلاع میں 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چلی ہیں۔ مہاراشٹر کے ناسک ضلع کے کئی علاقوں میں غیر موسمی بارش کے ساتھ ڑالہ باری بھی ہوئی۔ جس کی وجہ سے کسانوں کی فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ ناسک کے نپھڈ، لاسلگاؤں، منماڈ اور چندواڑ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ جس کی وجہ سے کسانوں کو انگور اور پیاز کی کاشت میں بھاری نقصان کا اندیشہ ہے۔ دریں اثنا، ناسک کے گنگاپور ڈیم سے جائیکواڑی میں پانی چھوڑنے سے گوداوری ندی کی سطح آب میں اضافہ ہوا ہے۔ جس کی وجہ سے سیاحوں کی گاڑیاں دریا کے کنارے پانی میں پھنس گئیں۔ دوسری جانب بے موسمی بارشوں کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔امیت شاہ نے 20 لوگوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔امیت شاہ نے اتوار کی رات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘X’ پر لکھا، ”گجرات کے مختلف شہروں میں خراب موسم اور آسمانی بجلی گرنے سے کئی لوگوں کی موت کی خبر سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ میں اس سانحے میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کو پہنچنے والے ناقابل تلافی نقصان پر اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ مقامی انتظامیہ امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا ہے کہ پیر کو کم بارش کا امکان ہے۔ SEOC کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق گجرات کے 252 میں سے 234 تعلقہ میں اتوار کو بارش ہوئی۔ سورت، سریندر نگر، کھیڑا، تاپی، بھروچ اور امریلی اضلاع میں 16 گھنٹوں میں 50-117 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے زندگی درہم برہم ہوگئی اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔ راجکوٹ کے کچھ حصوں میں ڑالہ باری ہوئی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے علاوہ سوراشٹرا خطہ کے موربی ضلع میں فیکٹریوں کے بند ہونے کی وجہ سے سیرامک انڈسٹری بھی متاثر ہوئی ہے۔ آئی ایم ڈی کے احمد آباد سنٹر کی ڈائریکٹر منورما موہنتی نے کہا کہ پیر کو بارش کم ہوگی اور جنوبی گجرات اور سوراشٹرا اضلاع کے کچھ حصوں پر مرکوز ہوگی۔