دیوبند، یو پی کے وزیرِ اعلیٰ یو گی آدتیہ ناتھ نے آج یہاں سے یو پی کے بلدیاتی انتخابات کا بگل بجا دیا ہے ۔انہوں نے مہاراج سنگھ ڈگری کالج کی فیلڈ میں ایک پہلی بڑی انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے اپنی سرکار کی 6سالہ کارکردگی بتا ئی اور کہا کہ ان کی سرکار میں یو پی کو دنگوں سے اور کسانوں کو خود کشی سے نجات اور ترقی و خوشحالی کی سوغات مل گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یو پی کے کسی ضلع میں کرفیو نہیں لگتا، کہیں فساد نہیں ہوتا، کسان اب خودکشی نہیں کرتے، کسان کو اب کسان ندھی سے سمّان مل رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یو پی کو اب سیکورٹی ،خوشحالی اور روزگار سے پہچانا جا تا ہے، کانوڑ یاترائوں نے یو پی کو ایک نئی پہچان دی ہے ۔انہوں نے کہا یو پی میں اب مافیائوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ وزیرِ اعلیٰ اترپردیش شاکمبری دیوی مندر میں ماتھا ٹیکنے کے بعد مہاراج سنگھ ڈگری کا لج میں عوام سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے بنا بھید بھائو کے، بنامذہب اور ذات برادری کے سب کا ساتھ ،سب کا وکاس اور سب کا وشواس اورسب کی کوششوں سے سرکاری اسکیموں کا فیض پہنچایا ہے ۔انہوں نے مافیائوں کو مٹی میں ملا دیئے جا نیکی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرکار بیماروں کا مفت علاج کررہی ہے اورمافیائوں کا علاج کر نے کیلئے ہماری پولس کا فی ہے ۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سہارنپور ضلع کو یوپی کے اضلاع میں خاص اہمیت حاصل ہے ،یہ ضلع اپنی تاریخی وراثت کیلئے اور ووڈ کارونگ انڈسٹری کیلئے دنیا بھر میں الگ اپنی شناخت رکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ضلع اپنی صنعت اور اپنے کاروبار سے یو پی کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۔انہوں نے کہا پچھلی سرکاروں نے اس ضلع کو کبھی توجہ نہیں دی اور ہمیشہ نظر انداز کیا ہے ۔یہاں بجلی نہیں آتی تھی ،صنعتیں اور روزگار ٹھپ پڑے تھے اب مسلسل بجلی کی سپلائی جا ری ہے صنعتوں کاپہیہ تیزی سے گھوم رہا ہے، کاروبار چمکنے لگا ہے ،پہلے یہ ضلع فساد اور کرفیو جھیلتا تھا ، سکھ بھائیوں کو بھی فساد جھیلنا پڑا تھا اور گوردوارہ پر فساد بھڑکا یا گیا تھا ، اب ایسا نہیں ہوتا ۔وزیرِ اعلیٰ نے ایکسپریس ہائی وے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لکھنؤ تو دور تھا ہی دلّی بھی سہارنپور سے دور تھی ،دلّی پہنچنے میں 7-8گھنٹے لگ جا تے تھے آج دلّی کی دوری محض 3گھنٹہ کی رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے آخر تک دلّی ،سہارنپوراور دہرہ دون ایکسپریس وے کا کام مکمل ہو جا ئیگا ۔انہوں نے ضلع سہارنپور میں قائم شاکمبری یونیورسٹی کا حوالہ دیتے ہو ئے کہا کہ ضلع کے جوانوں کو ڈگری لینے کیلئے پہلے میرٹھ جا نا پڑتا تھا اب ضلع کی یو نیورسٹی سے ڈگری ہاتھ میں آجا ئیگی ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اپنی تکمیل کے آخری مرحلہ میں ہے ۔ وزیرِ اعلیٰ یو گی آدتیہ ناتھ نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے کاموں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ پی ایم مودی کا وژن ہی یو پی کا مشن ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈبل انجن والی سرکار نے بلٹ ٹرین کی طرح کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام اپنی ٹرپل انجن کی طاقت جوڑدیں، نگر نگم ، نگر پالیکا، نگر پنچایت اور مئیر اور چیئر مین کو کامیاب کرائیں تاکہ ضلع کی ترقی کیلئے جو پیسہ دہلی اور لکھنؤ سے بھیجا جا ئے وہ ضلع کی ترقی پر ہی صرف ہو ۔انہوں نے مئیر کی سیٹ کیلئے ڈاکٹر اجے کمار سنگھ کیلئے ووٹ کی خصوصی اپیل کی ۔ اس موقعہ پر میئر کے امیدوار ڈاکٹر اجے کمار سنگھ،بی جے پی کے زونل صدر ستیندر سسودیا،صوبائی وزیر جسونت سنگھ سینی، صوبائی وزیر کنور برجیش سنگھ ، ایم پی پردیپ چودھری، ممبر اسملی مکیش چودھری، ممبر اسمبلی جے کرت سنگھ ، ممبر اسمبلی دوندر نم ،یو پی بی جے پی کے صوبائی نائب صدر موہت بینیوال، چندر موہن سنگھ،ضلع انچارج وی کے شرما،ضلع صدر مہندر سنگھ سینی،شہر صدر راکیش جین و دگر بی جے پی لیڈران موجود تھے ۔سکیورٹی کے بھاری بندو بست کئے گئے تھے۔












