اردو یونیورسٹی کا آستھا ٹیکنالوجی کے ساتھ معاہدہ کا امکان جلد: پروفیسر سید عین الحسن
حیدرآباد، 21نومبر : مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی تعلیم کو ٹیکنالوجی کے ساتھ جوڑنے کی پوری کوشش کر رہی ہے ۔ اس سلسلے میں آج اردو یونیورسٹی کے سب ریجنل سینٹر، وارانسی میں مانو کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن اور آستھا لمیٹیڈ کے ڈائرکٹر جناب مصطفی جمعہ کے ساتھ ایک میٹنگ ہوئی اور تعلیم وتدریس کو ٹیکنالوجی کے ساتھ جوڑنے پر تبادلہ خیال ہوا۔ آستھا لمٹیڈ ایک برطانوی بیسڈ کمپنی ہے جو گوگل، مائکروسافٹ جیسی کمپنیوں کے ساتھ مل کر درس و تدریس میں ٹیکنالوجی کے فروغ کا کام کر رہی ہے۔
پروفیسر سید عین الحسن نے کہا کہ جدید دور کا تقاضا ہے کہ ٹیکنالوجی کے ساتھ تعلیم کو جوڑا جائے اور حالیہ دنوں میں جس طرح ٹیکنالوجی نے ترقی کی ہے ، ٹیکنالوجی کے بغیر بہتر تعلیم کا تصور ممکن نہیں۔ اردو یونیورسٹی نے پہلے بھی ٹیکنالوجی کو اپنایا اور اب بھی اس کے لیے کوشاں ہے۔ آستھا لمیٹیڈ جو تدریسی ٹیکنالوجی کے میدان میں بڑے پیمانے پر کام کر رہی ہے، اردو یونیورسٹی اس کے ساتھ مفاہمت کرکے اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے کا کام کرے گی جو آگے چل کر ایک انقلابی قدم نظر آئے گا۔ہم جلد ہی آستھا کے ساتھ یہ معاہدہ مکمل کرلیں گے۔
آستھا لمیٹڈ کے ڈائرکٹر مصطفی جمعہ نے اردو یونیورسٹی کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ جوڑنے میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ اس میٹنگ میں پروفیسر محمد فریاد، کوآرڈینیٹر وارانسی سینٹر نے اس ممکنہ معاہدہ کو طلبا و اساتذہ کے لیے مفید بتایا اور وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔ اس میٹنگ میں ڈاکٹر محمد شمس الدین، اسسٹنٹ ریجنل ڈائرکٹر، وارانسی سینٹر نے بھی شرکت کی۔
مولانا آزاد اردو یونی ورسٹی واحد مرکزی یونیورسٹی ہے جو اردو میڈیم میں تعلیم دیتی ہے جس کا صدر دفتر حیدرآباد میں اور اسٹڈی سنٹرس ملک بھر میںپھیلے ہوئے ہےں۔ اکیڈمک، ٹیکنیکل اور پروفیشنل کورسیز کی اردو میں تعلیم دےتے ہوئے یہ یونیورسٹی ہر سال نہ صرف طلبا کو زیور تعلیم سے آراستہ کررہی ہے بلکہ روزگار حاصل کرنے کے مواقع بھی فراہم کر رہی ہے۔ فاصلاتی تعلیم کے فروغ کے لیے ملک میں پندرہ سینٹرس ہیں جن میں وارانسی بھی ایک سب ریجنل سینٹر ہے۔ پروفیسر عین الحسن نے آج اس سینٹر کا مشاہدہ کیا اور اس کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر شہر وارانسی کے مختلف نمائندہ شخصیات نے وائس چانسلر سے ملاقات کی اور وارانسی سنٹر کی توسیع کے متعلق تجاویز بھی دیےے۔