دیوبند (سماج نیوز سروس) پیران کلیر میں جاری حضرت صابر پاکؒ کے عرس میں منعقد کی جانے والی بڑی رو شنی اور قل شریف میں مہمانوں وزائرین کے علاوہ ہندوستان کی مشہور و مخصوص درگاہوں کے سجادہ نشینوں اور گدی نشینوں کی آمد اور شرکت جاری ہے۔ اس مرتبہ پاکستانی زائرین کے وفد کی آمد کے موقع پر پاکستان کے ایمبیسیڈر نہیں آئے بلکہ ان کے نائب آصف خان نے پاکستان سے آنے والے 81زائرین کے وفد سے ملاقات کی۔ بعد ازاں انہوں نے درگاہ صابر پاک میں حاضری دی۔ بڑے قل کے موقع پر کئی لاکھ عقیدت مندوں نے شرکت کی ۔ اس دوران درگاہ کے سجادہ نشین نے پورے عالم اور ملک کی امن وسلامتی اور ترقی کے لئے دعا کرائی۔ قل شریف کی محفل میں سید جمال کاظمی نے شجرہ پیش کیا نیز درگاہ کے پکڑی بند قوال دھمن صابری نے قوالیاں پیش کیں۔ اتراکھنڈ مدرسہ بورڈ کے چیئرمین مفتی شمعون قاسمی نے صوبائی وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی جانب سے سجادہ نشین اور ان کی فیملی سے ملاقات کرکے نیک خواہشات پیش کیں۔ اس درمیان بین الاقوامی شاعر اور عرس کمیٹی کے کنوینر افضل منگلوری ، میڈیا سکریٹری ریاض قریشی، نائب صدر نعیم صدیقی ایڈوکیٹ، سلمان فریدی، خازن رائو انعام صابری، مہتاب صابری، چیئرمین اکبر مین پوری اور عمران دیش بھکت نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اجمیر شریف درگاہ کے گدی نشین عبدالواحد انگارا، نظر چشتی ، پانی پت درگاہ حضرت جلال الدین کبیرالاولیاء کے سجادہ نشین شاہ نثار عثمانی، پریاگ آئی اے ایس اکیڈمی کے ڈائریکٹر ومدرسہ شکشا پریشد کے سابق صدر کے پرائیویٹ سکریٹری عاقب جاوید سلمانی وغیرہ نے قوالی اور نعتیہ پروگراموں میں شرکت کی اور ملک کی خوشحالی کے لئے دعائیں کیں۔ اتراکھنڈ اقلیتی محکمہ کے سکریٹری اور وزیر اعلیٰ دفتر کے اے پی ایس مستقیم نے عرس کے انتظامات کا جائزہ لیا اور زائرین کے سائل کو سننے کے بعد درگاہ میں حاضری دی۔ گنگوہ شریف کے سجادہ نشین شاہ مہتاب عالم قدوسی ونائب سجادہ نشین شاہ مخدوم نے تمام سجادگان کی دستاربندی کی اور تبرکات پیش کئے۔ اس موقع پر مفتی شمعون قاسمی کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کے نمائندہ جاوید سلمانی نے درگاہ میں چادر پیش کی ۔ بعد ازاں خانقاہ فیضان واحد علی گڑھ میںمحفل میلاد کا انعقاد ہوا۔ اس محفل میلاد میں گدی نشین حضرت سید پروفیسر فرید میاں صابری نے دعا کرائی۔ اسی طرح غلام نبی نور نے محفل سے خطاب کیا جس کے بعد سید ابراہیم مرحوم کے پوتے عادل شاکر لوکھنڈ والا اور آصف صابر کو لوکھنڈ والا نے روایتی لنگر تقسیم کیا اور وہاں موجود سجادہ نشینوں سے ملاقات کی۔












