واشنگٹن (یو این آئی) امریکہ کی جانب سے یوکرین کیلیے مزید 20 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کردیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی قومی سلامتی ترجمان جان کربی نے کہا کہ یوکرین کیلیے 200 ملین ڈالر کے نئے سیکیورٹی امدادی پیکیج کا اعلان کر رہے ہیں، یوکرین کو دیئے جانے والے پیکیج میں فضائی دفاعی نظام اور ٹینک شکن ہتھیار شامل ہیں۔
واضح رہے کہ رواں برس اپریل سے اب تک امریکی صدر بائیڈن یوکرین کیلیے 9 سیکیورٹی پیکیجز کا اعلان کر چکے ہیں۔
روس اور یوکرین کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے امریکہ2022 سے اب تک یوکرین کو 50 ارب ڈالر سے زیادہ کی فوجی امداد سے نواز چکا ہے۔
دوسری جانب روسی قونصل جنرل اینڈرے وکٹروویچ کا کہنا ہے کہ روس اگر یوکرین کے خلاف ایٹمی ہتھیار استعمال کرے تو مسئلہ آدھے گھنٹے میں حل ہو جائے۔
اینڈرے وکٹروویچ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین جنگ میں مغربی دنیا کا کردار بہت منفی ہے، مغربی دنیا یوکرینی معاشرے کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔
روسی قونصل جنرل نے کہا کہ یوکرین کے خلاف طاقت کا بے تحاشا استعمال نہیں کرنا چاہتے، یوکرین میں صرف فوجی تنصیبات ہمارا نشانہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فلسطینیوں کی وجہ سے اسرائیل کے روس سے اچھے تعلقات نہیں رہے، اسرائیل اب بڑھ چڑھ کر یوکرین کی جنگی مدد کر رہا ہے، اسرائیل شرپسندوں کو ہتھیار دے رہا ہے۔












