سید پرویز قیصر
جے پور میں سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف میچ میں راجستھان رائلز کے نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی نے81 منٹ میں37 بالوں پر پانچ چوکوں اور بارہ چھکوں کی مدد سے103 رن بنائے۔ وہ36 بالوں پر اپنی سننچری بنانے کے بعد اگلی ہی بال پر آوٹ ہوگئے۔ انکی36 بال پر بنائی گئی سنچری انڈین پریمیر لیگ میں تیسری سب سے تیز سنچری ہے۔ انکی اس سنچری سے راجستھان رائلز کو کوئی فائدہ نہیں ہوا اور وہ پانچ وکٹ سے میچ ہارگئی۔
انڈین پریمیر لیگ میں سب سے تیز سنچری بنانے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کریس گیل کے پاس ہے جنہوں نے رائل چیلنجرس بنگلور کی جانب سے کھیلتے ہوئے پونہ ورایرس کے خلاف بنگلور میں23 اپریل2013 کو ہوئے میچ میںجب 102 منٹ میں66 بالوں پر13 چوکوں اور 17 چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر175 رن بنائے تھے تو سنچری صرف30 بالوں پر مکمل کی تھی۔ یہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں بھی سب سے تیز سنچری ہے۔ کریس گیل کا اسکور انڈین پریمیر لیگ میں سب سے بڑی انفرادی اننگ کے ساتھ ساتھ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں بھی سب سے بڑی اننگ ہے۔ کریس گیل کے آوٹ ہوئے بغیر175 رن کی بدولت رائل چیلنجرس بنگلور نے مقررہ بغیر175 اوور میں پانچ وکٹ پر 263 رن بنائے جو 2024 کے سیزن سے پہلے تک انڈین پریمیر لیگ کا سب سے بڑا اسکور بھی تھا۔ اب یہ ساتواںسب سے بڑا اسکور ہے۔
راجستھان رائلز کی جانب سے کھیلتے ہوئے گجراٹ ٹائٹنس کے خلاف جے پور میں28 اپریل2025کو ہوئے میچ میں ویبھو سوریہ ونشی نے59 منٹ میں38 بالوں پر سات چوکوں اور گیارہ چھکوں کی مدد سے101 رن بنائے جس کے دوران انہوں نے اپنی سنچری37 بالوں پر مکمل کی۔ اس میچ میں انکی ٹیم نے آٹھ وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔جس دن انہوں نے یہ سنچری بنائی تھی اس دن انکی عمر14سال اور32 دن تھی ۔وہ انڈین پریمیر لیگ میں ہی نہیں ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے چھوٹی عمر میں سنچری بنانے والے بلے باز بنے۔
یوسف پٹھان نے راجستھان رائلز کی جانب سے کھیلتے ہوئے ممبئی انڈینس کے خلاف ممبئی کے برابورن اسٹیڈیم میں13 مارچ2010 کو ہوئے میچ میں37 بالوں پر نو چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے پورے سو رن بنائے تھے۔ وہ سنچری مکمل کرتے ہی رن آوٹ ہوئے تھے۔ یہ انڈین پریمیر لیگ میں تیسری سب سے تیز سنچری ہے۔ اس تیز سنچری کے باوجود راجستھان رائلز کو ممبئی انڈینس کے خلاف چار رن سے شکست ہوئی تھی۔ممبئی انڈینس نے مقررہ20 اوور میں چھ وکٹ پر 212 رن بنائے تھے جبکہ راجستھان رائلز نے مقررہ مقررہ20 اوور میں سات وکٹ پر 208 رن بنائے تھے۔
سن رائزرس حیدرآباد کی جانب سے کھیلتے ہوئے جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے ہنرچ کلاسن نے دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں25 مئی2025 کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف کھیلے گئے میچ میں64 منٹ میں39 بالوں پر سات چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر105 رن بنائے۔اپی اس اننگ کے دوران انہوں نے اپنی سنچری37 بالوں پر مکمل کی جو انڈین پریمیر لیگ میںمشترکہ طور پر تیسری سب سے تیز سنچری ہے۔انکی اس شاندار اننگ کی بدولت انکی ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں تین وکٹ پر278 رن بنائے اور کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کو18.4 اوور میں168 ر ن پر آوٹ کرکے میچ110 رن سے جیتا۔ سن رائزرس حیدرآباد کا اسکور انڈین پریمیر لیگ میں تیسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ ملر کو انڈین پریمیر لیگ میں پانچویںسب سے تیز سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے اس کھلاڑی نے موہالی میں6 مئی2013 کو رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف پنجاب کنگس کی جانب سے کھیلتے ہوئے جب 54 منٹ میں38 بالوں آٹھ چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر101 رن بنائے تھے تو سنچری38 بالوں پر ہی مکمل کی تھی۔ اس تیز سنچری کی بدولت پنجاب کنگس نے رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف دو اوور پہلے چھ وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔ اس میچ میں رائل چیلنجرس بنگلور نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں تین وکٹ پر190 رن بنائے تھے۔ پنجاب کنگس نے 18 اوور میں چار وکٹ پر 194 رن بناکر میچ جیتا تھا۔
رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف بنگلور میں15 اپریل2024 کو سن رائزرس حیدرآباد کی جانب سے کھیلتے ہوئے ٹراوس ہیڈ نے دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 58 منٹ میں41 بالوں پر نو چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے102 رن بنائے۔ اپنی اس اننگ کے دوران انہوں نے اپنی سنچری39 بالوں پر مکمل کی جو انڈین پریمیر لیگ میں سن رائزرس حیدرآباد کی جانب سے سب سے تیز اور کل ملاکر مشترکہ طور پر چھٹی سب سے تیز سنچری تھی۔ انکی اس دھواں دھار اننگ کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد مے مقررہ 20 اوور میں تین وکٹ پر 287 رن بنائے جو انڈین پریمیر لیگ میں سب سے بڑا ا سکور ہے۔ رائل چیلنجرس بنگلور نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ پر 262 رن بنائے جسکی وجہ سے اسے25 رن سے شکست ہوئی۔رائل چیلنجرس بنگلور کا اسکور دوسری اننگ میں ہار کیلئے بنایا گیا سب سے بڑا اسکور ہے۔
چنئی سپر کنگس کے خلاف مولان پور میں8 اپریل2025 کوپنجاب کنگس کی جانب سے کھیلتے ہوئے پرینش آریہ نے دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 61 منٹ میں41 بالوں پر سات چوکوں اور نوچھکوں کی مدد سے103 رن بنائے۔ اپنی اس اننگ کے دوران انہوں نے اپنی سنچری39 بالوں پر مکمل کی جو انڈین پریمیر لیگ میںپنجاب کنگس کی جانب سے سب سے تیز اور کل ملاکر مشترکہ چھٹی سب سے تیز سنچری تھی۔ انکی اس دھواں دھار اننگ کی بدولت پنجاب کنگس نے مقررہ 20 اوور میںچھ وکٹ پر 219 رن بنائے جو اس میدان پر انڈین پریمیر لیگ میں سب سے بڑا ا سکور ہے۔چنئی سپر کنگس نے مقررہ 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 201 رن بنائے جسکی وجہ سے اسے18 رن سے شکست ہوئی۔












