حاجی پور (محمد آصف عطا) بہار پولیس ہیڈکوارٹر کی ہدایت پر چلائے جا رہے ’آپریشن مسکان‘ کے تحت ویشالی پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اس خصوصی مہم کے ذریعے پولیس نے اس سال اب تک مجموعی طور پر 731 گمشدہ موبائل فون برآمد کرکے ان کے اصل مالکان کے حوالے کر دیے ہیں۔ پولیس کی اس کارکردگی سے نہ صرف لوگوں کا قیمتی سامان واپس ملا ہے بلکہ عوام کے درمیان پولیس پر اعتماد بھی مزید مضبوط ہوا ہے۔برآمد کیے گئے یہ موبائل فون ضلع کے مختلف تھانہ علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ پولیس ٹیم نے تکنیکی تحقیق کے ذریعے حاجی پور صدر تھانہ، نگر تھانہ، گنگا بریج، قاضی پور، بھگوان پور، سرائے، گڑول، بدوپور، راجاپاکڑ، مہوا، جنداہا، مہنار، دیسری، پاتے پور اور مہیشور سمیت کئی دیگر علاقوں سے گم ہوئے فون کو ٹریک کرکے واپس حاصل کرنے میں کامیابی پائی ہے۔ ضلع کے تقریباً ہر کونے سے آئے متاثرین کو اس مہم کا فائدہ ملا ہے۔ ویشالی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) وکرم سہاگ نے اعداد و شمار کے ذریعے مہم کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال جنوری میں 200 موبائل واپس کیے گئے، فروری میں 164، مارچ میں 165 اور اپریل میں اب تک 202 موبائل فون برآمد کرکے ان کے مالکان کو دیے جا چکے ہیں۔ مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد اس بات کی غماز ہے کہ پولیس اس مہم کو لے کر کتنی سنجیدہ ہے اور ٹیم مسلسل سرویلنس پر کام کر رہی ہے۔ آج کے دور میں موبائل فون نہ صرف رابطے کا ذریعہ ہے بلکہ اس میں لوگوں کا اہم ذاتی اور بینکنگ ڈیٹا بھی محفوظ ہوتا ہے۔ فون کے گم ہو جانے پر عام لوگوں کو شدید ذہنی اور مالی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایس پی سہاغ نے کہا کہ کھوئے ہوئے موبائل کی واپسی پر لوگوں کے چہروں پر جو خوشی نظر آتی ہے، وہی اس مہم کی اصل کامیابی ہے۔ پولیس کا مقصد مشکل وقت میں عوام کو فوری راحت فراہم کرنا ہے۔ اس مہم کے ذریعے ویشالی پولیس عوام کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی سمت میں کام کر رہی ہے۔ ایس پی نے واضح کیا کہ ’آپریشن مسکان‘ کا مقصد صرف ریکوری تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ پولیس اور عوام کے درمیان بہتر تال میل اور رابطہ قائم کرنے کا ایک مضبوط ذریعہ بھی ہے۔ پولیس کی اس انسانی پہل کی پورے ضلع میں تعریف کی جا رہی ہے۔












