نئی دہلی،(یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی منگل سے اتر پردیش کے دوروزہ دورے پر رہیں گے اور اس کے پہلے مرحلے میں اپنے انتخابی حلقہ وارانسی میں خواتین کی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اسی پروگرام کے دوران وہ تقریباً 6,350 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔مسٹر مودی وہاں سے ہردوئی جائیں گے جہاں وہ 36 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والے میرٹھ-پریاگ راج گنگا ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے۔وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، یہ منصوبے ریل، سڑک، پانی، صحت کی دیکھ بھال، سیاحت اور شہری انفراسٹرکچر سمیت کئی شعبوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ اس دوران مسٹر مودی دو نئی امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے جن میں سے ایک بنارس-پونے (ہڈپسر) اور دوسری ایودھیا-ممبئی (لوک مانیہ تلک ٹرمینس) کے درمیان چلائی جا رہی ہے۔وزیر اعظم ہردوئی میں 594 کلومیٹر طویل ایکسیس کنٹرولڈ گرین فیلڈ گنگا ایکسپریس وے کا بھی افتتاح کریں گے۔ تقریباً 36,230 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے تعمیر کردہ گنگا ایکسپریس وے سے میرٹھ اور پریاگ راج کے درمیان سفر کا وقت کم ہو کر تقریباً چھ گھنٹے رہ جائے گا جو فی الحال 10-12 گھنٹے ہے۔ اس ایکسپریس وے پر ضلع شاہجہاں پور میں فوجی طیاروں کے لیے 3.5 کلومیٹر طویل ہنگامی لینڈنگ کی سہولت کا انتظام اس کی خاص کشش ہے جو منصوبے کے معاشی فوائد کے ساتھ اسٹریٹجک اہمیت بھی بڑھاتا ہے۔سرکاری معلومات کے مطابق، وزیر اعظم 28 اپریل کو شام تقریباً 5 بجے وارانسی میں خواتین کی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وہاں سے وہ تقریباً 6,350 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ اس موقع پر اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔مسٹر مودی 29 اپریل کی صبح تقریباً 8:30 بجے وارانسی کے شری کاشی وشواناتھ مندر میں درشن اور پوجا کریں گے۔ اس کے بعد وہ ہردوئی کے لیے روانہ ہوں گے۔












