نئی دہلی ،معروف عالم دین اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے صدر مولانا رابع حسنی ندوی کے انتقال پر آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری اور انسٹی ٹیوف آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اپنے شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالم اسلام کا شدید خسارہ بتایا۔انہوں نے کہاکہ مولانا رابع صاحب ملت اسلامیہ ہند یہ کے عظیم رہنما اور اتحاد ویکجہتی کے علمبردار تھے ،موجودہ حالات میں عالم اسلام کو ان کی اشد ضرورت تھی لیکن موت سے کسی کو رستگاری نہیں ہے اور ہر ایک کا وقت مقرر ہے۔ڈاکٹر منظور عالم نے اپنے قریبی تعلقات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ و ہ دل سے محبت کرتے تھے ، ہر طرح کا تعاون فرماتے تھے اور ملت کے مسائل کے تئیں ہمہ وقت فکر مند رہتے تھے ، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ اور دیگر اداروں کا وقاراور اتحاد برقرار رکھنے میں ان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ حضرت مولانا مرحوم آل انڈیا ملی کونسل کے آخری سرپرست تھے ، ہمیشہ او ر ہر موقع پر ان کی رہنمائی شامل تھی۔ آئی او ایس کے شاہ ولی اللہ ایوارڈ سے بھی مولانا کو ان کی علمی خدمات کی بنیاد پر سرفراز کیاگیاتھا جس کو انہوں نے خوشدلی سے قبول کیا ، آئی او ایس کے متعدد پروگراموں میں ان کی شرکت رہی ہے۔ دوسال قبل ہندوستانی مسلمانوں کو متحد کرنے کیلئے دہلی میں ایک غیر معمولی میٹنگ بلائی گئی تھی جس میں تمام مسلک و مشرب اور ملی تنظیموں کے رہنما نے شرکت کی تھی اس موقع پر بھی ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعہ مولانا نے اظہار خیال کیا اور اتحاد امت کی کوشش کو بھر پور سراہااور ساتھ دینے کی امت سے اپیل کی۔مولارابع حسنی ندوی کی علمی ،ملی اور دینی خدمات نصف صدی سے زائدہ عرصہ پر محیط ہے جس کو ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھا جائے گا ، ان کے انتقال سے ایک بڑا خلاواقع ہوگیا ہے۔ اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے (آمین)
آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر فیروز احمد ایڈووکیٹ نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ اور عالمی شہرت یافتہ اسلامی درسگاہ ندوة العلماءلکھنو¿ کے صدر حضرت مولانا سید رابع حسنی ندوی کے سانحہ ارتحال پر اپنے اور مشاورت کی جانب سے تعزیتی پیغام میں مولانا رابع کی اس دارفانی سے رخصتی کو ملت کے لیے ایک عظیم سانحہ سے تعبیر کیا ہے۔ فیروز احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ مولانا سید رابع حسنی ندوی کی ملت اسلامیہ ہند کے تعین بے لوث خدمات کو ہمیشہ یاد کیا جاتا رہے گا۔ فیروز احمد نے مولانا مرحوم کے لواحقین و ملت اسلامیہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے مسلمانان ہند سے مرحوم مولانا رابع حسنی ندوی رح کے لئے مغفرت کی خصوصی دعائوں کی درخواست کی ہے۔
امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے مولانا رابع حسنی ندویؒ کے انتقال پُرملا ل پر میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ”مولانا حضرت رابع حسنی ندوی پوری امت کا قیمتی اثاثہ تھے۔ وہ طویل عرصے سے ملک کے اہم علمی ادارے دارالعلوم ندوۃ العلماءکے ناظم تھے۔ متعدد علمی اداروں کے سربراہ اور علمی مجلسوں کے صدر نشین تھے اورمسلمانان ہند کے باوقار مشترکہ پلیٹ فارم آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر کی حیثیت سے اس نازک موڑ پر قیادت ورہنمائی کا فریضہ بھی انجام دے رہے تھے۔ علم و ادب، تعلیم و تعلم، رشد و ہدایت، دعوت و تبلیغ اورملی قیادت او ررہبری ان سب متنوع میدانوں میں مولانا کی گراں قدر خدمات ہمیشہ یاد ریں گی۔پیرانہ سالی اور متعدد جسمانی عوارض کے باوجود دینی و ملی کاموں میں مرحوم کی سرگرمی قابل رشک تھی۔ بلاشبہ مولانا موصوف کی رحلت امت مسلمہ ہند کا بہت بڑا نقصان ہے اور اس نازک موقعے پر جب کہ ملت اسلامیہ ہند چو طرفہ مسائل اور چیلنجوں کے نرغے میں گھری ہوئی ہے، مولانا کی جدائی ایک بڑا سانحہ ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل خاص سے نعم البدل عطا فرمائے“۔ امیر جماعت نے کہا کہ ” مولانا موصوف سے متعدد دفعہ مختصر و طویل ملاقاتیں رہیں لیکن اس وقت وہ ملاقات شدت سے یاد آرہی ہے جو چار سال پہلے جماعت اسلامی ہند کی امارت کے لیے میرے انتخاب کے فوری بعد ندوۃالعلماءمیں مولانا کی رہائش گاہ میں ہوئی تھی۔ مولانا نے بڑی شفقت سے اپنے قریب بٹھا کر بہت دیر تک گفتگو فرمائی تھی اور بہت قیمتی نصیحتوں سے نوازا تھا۔ میں مرحوم کے ورثا سے، دارالعلوم ندوۃ العلماءکے ذمہ داروں سے اور مرحوم کے تمام لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کی خدمات جلیلہ کو قبول فرمائے اور جو خلا مرحوم کی رحلت سے پیدا ہوگیا ہے، اسے پُر فرمائے۔ آمین“
امانت اللہ خان،چیئرمین دہلی وقف بورڈنے اپنے بیان میں کہا کہ ابھی بھی یہ اندوہناک خبر ملی کہ چند منٹ قبل دارالعلوم ندوۃ العلماءکے ناظم اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے صدر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کا انتقال ہوگیا،انا للہ و انا الیہ راجعون۔ملت اسلامیہ ہندیہ کے لئے حضرت کا سایہ کسی مشفق نگہبان سے کم نہ تھا اور اب ایسے پر آشوب حالات میں جب ملت کو نگہبانی کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے حضرت اچانک اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔آپ آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے صدر کی حیثیت سے دینی و شرعی معاملات میں ہندوستانی مسلمانوں کو آپ کی قیادت و رہنمائی نصیب تھی جس کا خلاءشائد ہی پر ہوسکے۔میں اس موقع پر حضرت کے اعزاؤ اقارب اور تمام ہندوستانی مسلمانوں سے تعزیت پیش کرتا ہوں اور دعاگو ہوں کہ اللہ حضرت کے درجات بلند فرمائے۔اس موقع پر وقف بورڈ سے جاری تعزیتی بیان میں بورڈ کے سیکشن آفیسر حافظ محفوظ محمد اور میڈیا کو آرڈی نیٹر عبد الباسط ندوی نے بھی تعزیت پیش کی۔












