نئی دہلی، ( یو این آئی) ہندوستان کی نامور پہلوان ونیش پھوگاٹ نے کشتی کے میدان میں واپسی کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ وہ اتر پردیش کے شہر گونڈا میں 10 سے 12 مئی تک منعقد ہونے والے نیشنل اوپن رینکنگ ٹورنامنٹ 2026 میں شرکت کریں گی، جہاں وہ پہلی بار 57 کلوگرام وزن کے زمرے میں اپنی قسمت آزمائیں گی۔پیرس 2024 اولمپکس کے ڈرامائی اختتام کے بعد یہ ونیش پھوگاٹ کا پہلا باقاعدہ مقابلہ ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ ان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ جاپان میں ستمبر اور اکتوبر میں شیڈول ایشیائی کھیلوںکے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کا درجہ بھی رکھتا ہے۔31 سالہ ونیش نے پیرس اولمپکس میں فائنل سے قبل وزن پورا نہ ہونے پر دلبرداشتہ ہو کر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ تاہم، دسمبر 2025 میں انہوں نے اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے لاس اینجلس 2028 اولمپکس کو اپنا اگلا ہدف قرار دیا۔میٹ سے دوری کے دوران گزشتہ سال جولائی میں ونیش ماں بنیں، جسے انہوں نے اپنی زندگی کی ایک بڑی نجی کامیابی قرار دیا۔ونیش پھوگاٹ اپنے کیریئر میں چوٹوں اور حکمت عملی کے باعث کئی بار وزن کے زمرے تبدیل کر چکی ہیں؛ونیش پھوگاٹ کا شمار دنیا کی بہترین پہلوانوں میں ہوتا ہے۔ پیرس اولمپکس کے دوران انہوں نے ٹوکیو کی چیمپئن یوئی سوساکی (جاپان)، یوکرین کی اوکسانا لیواچ اور کیوبا کی یوسنیلس گزمین کو شکست دے کر اپنی مہارت کا لوہا منوایا تھا۔کھیل کے ماہرین کا ماننا ہے کہ 57 کلوگرام زمرے میں واپسی ونیش کے لیے جسمانی طور پر چیلنجنگ ہو سکتی ہے، لیکن ان کا تجربہ اور عزم انہیں ایک بار پھر عالمی افق پر چمکنے میں مدد دے گا۔












