نئی دہلی، ( یو این آئی) آئی پی ایل 2026 کے اہم مقابلے میں پیر کے روز رائل چیلنجرز بنگلورو کا مقابلہ دہلی کیپیٹلز سے ہوگا۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ دہلی کے اپنے ہوم گراؤنڈ پر آر سی بی کا پلڑا بھاری ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ وراٹ کوہلی کی شاندار فارم ہے۔وراٹ کوہلی کے لیے دہلی کا میدان ان کے دوسرے گھر جیسا ہے۔ یہاں ان کے ریکارڈز کسی بھی بالر کی نیندیں اڑانے کے لیے کافی ہیں۔ 11 میچوں میں 67 کی اوسط سے 534 رنز، جس میں پانچ نصف سنچریاں شامل ہیں۔کوہلی آئی پی ایل میں 9,000 رنز مکمل کرنے سے محض 11 رنز کی دوری پر ہیں۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن جائیں گے۔اس سیزن کی 7 اننگز میں وہ 54.7 کی اوسط اور 163 کے اسٹرائیک ریٹ سے 328 رنز بنا چکے ہیں۔کوہلی کو دہلی کیپیٹلز کے خلاف بیٹنگ کرنا بے حد پسند ہے۔ انہوں نے ڈی سی کے خلاف 31 اننگز میں 1,149 رنز بنائے ہیں، جو آئی پی ایل کی تاریخ میں کسی بھی بلے باز کے ایک ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ رنز ہیں۔












