بہارشریف (ایم ایم عالم) ضلع کے ۔شہور ومعروف تعلیمی ادارہ نالندہ کالج میں نیشنل سروس اسکیم (NSS) اور وویکانند اسٹڈی سرکل کے مشترکہ زیراہتمام سوامی وویکانند یوم پیدائش کے موقع پر نیشنل یوتھ ڈے بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا۔’’یوتھ امنگ یونٹی‘‘ کے تھیم پر طلبہ کے تیار کردہ پوسٹرز کی پرکشش نمائش کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سنیتا سنہا نے کہا کہ اگر نوجوان سوامی وویکانند کی طرح قابل،نیک اور تعلیم یافتہ بن جائیں تو 21ویں صدی یقیناً ہندوستان کی صدی ہوگی۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قوم پرستی اور حب الوطنی کو جنم دیں تاکہ وہ صحیح معنوں میں سوامی وویکانند کے نظریات کے پیروکار بن سکیں۔پروفیر سنہا نے کہاکہ وویکانند کی جانب سے کیے گئے کاموں کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا ہے اور ہم ان کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ہی دیش اور دنیا میں ترقی کر سکتے ہیں۔پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر بنیت لال نے کہاکہ 19ویں صدی میں جب ہندوستان برطانوی راج میں تھا اور دنیا اسے حقارت کی نگاہ سے دیکھتی تھی،12 جنوری 1863 کو پیدا ہونے والے سوامی وویکانند نے نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری انسانیت کے لیے شان و شوکت کی۔انہوں نے رواداری اور آفاقیت کا پیغام پھیلا کر عالمی سطح پر ہندوستان کا وقار بلند کیا۔شعبہ انگریزی کے سربراہ ڈاکٹر رام کرشنا پرمہنس نے کہاکہ سوامی وویکانند عظیم ہیں کیونکہ انہوں نے مشرق اور مغرب،مذہب اور سائنس اور ماضی اور حال کے درمیان ایک قابل ذکر ہم آہنگی قائم کی۔شعبہ تاریخ کے سربراہ ڈاکٹر رتنیش امان نے کہاکہ آج پوری دنیا امید کے ساتھ ہندوستان کے نوجوانوں کی طرف دیکھ رہی ہے،کیونکہ ہندوستان نوجوانوں کا ملک ہے اور نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہیں۔اس موقع پر پالی شعبہ کی سربراہ ڈاکٹر منجو کماری،ہندی شعبہ کی ڈاکٹر کماری چمپا،پولیٹیکل سائنس کے ڈاکٹر شرون کمار،سائیکالوجی کے ڈاکٹر مرتیونجے کمار اور قدیم تاریخ کے ڈاکٹر سنجیت کمار نے بھی سوامی وویکانند کی زندگی اور فلسفے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔شعبہ جغرافیہ کی ڈاکٹر پریتی نے شکریہ کلمات ادا کئے۔این ایس ایس کے رضا کار مونو نگم،پیوش راج، ادیتی، نیلمنی، گڑیا، منیش کانت،ا ویناش، وکرم،پریا گپتا، پریرنا، سندھیا،آفرین سمیت کئی طلبہ نے پوسٹر نمائش میں جوش و خروش سے حصہ لیا۔












