کراچی:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے، دیامر بھاشا ڈیم سمیت موجودہ ڈیموں کی گنجائش میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کو حالیہ سیلابی ریلوں اور متاثرہ علاقوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر منصوبہ بندی چوہدری احسن اقبال، صوبائی و وفاقی وزرا، چیئرمین این ڈی ایم اے، چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ ہفتوں میں آنے والی قدرتی آفات نے پہلے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کو متاثر کیا اور اب پنجاب کے میدانوں میں تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔شہباز شریف نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے میں وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں انتظامیہ اور اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، پولیس اور دیگر محکمے دن رات کام کر رہے ہیں جو قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے افواجِ پاکستان، این ڈی ایم اے اور مقامی قیادت کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ہیلی کاپٹر، کشتیاں اور دیگر ضروری سہولتیں فراہم کر کے عوام کی مدد کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ٹیم ورک ہی ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقصان کم ہوا۔انہوں نے 2022 کے سیلابی بحران کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ اس وقت سندھ اور بلوچستان شدید متاثر ہوئے تھے اور پاکستان کو اربوں ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے نشانے پر ہیں، لہٰذا آئندہ سالوں میں بھی ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔












