دوبئی سے سید پرویزقیصر
ویسٹ انڈیز کی خواتین نے انگلینڈ کی خواتین کو چھ وکٹ سے شکست دیکر خواتین کے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کے سیمی فائنل میں جگہ حاصل کی۔ اس نے 2018 کے بعد پہلی مرتبہ آخری چار ٹیموں میں جگہ بنائی ہے۔ دوبئی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میں سات وکٹ پر 141 رن بنائے تھے۔ نتالی سیور برنٹ نے سب سے زیادہ رن بنائے تھے ۔وہ74 منٹ میں50 بالوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے57 رن بناکر ناٹ آوٹ رہیں تھیں۔ ویسٹ انڈیز ایفی فلیچر سب سے کامیاب بالر رہیں۔ اس لیگ بریک بالر نے چار اوور21 رن دیکر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔
سیمی فائنل میں داخلہ کیلئے ویسٹ انڈیز کو صرف انگلینڈ کو شکست دینی تھی کیونکہ بہتر رن ریٹ کی وجہ سے جنوبی افریقہ کو سیمی فائنل کا ٹکٹ مل گیا تھا۔ انگلینڈ نے پہلے تین میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی اور اسے امید تھی کی وہ انگلینڈ کو شکست دیکر آخری چار ٹیموں میں جگہ بنالے گی۔ ویسٹ انڈیز کی خواتین نے اپنی اننگ کا آغاز جارحا نہ انداز میں کیا۔ کپتان ہیلے متھیوز اور قیانا جوزف نے پہلے وکٹ کی شراکت میں12.2 اوور میں102 رن جوڑے۔جس طرح یہ دونوں کھیل رہی تھیں اس کو دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کو دس وکٹ سے کامیابی دلائیں گی۔ اتنی بڑی شراکت میں انگلینڈ کی فیلڈروں کا بھی ہاتھ رہا جنہوں نے کئی کیچ گرائے۔ ویسٹ انڈیز کی یہ شراکت انگلینڈ کے خلاف ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑی شراکت تھی۔ اس سے پہلے کسی بھی میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے انگلینڈ کی خواتین کے خلاف کبھی بھی سو رن سے بڑی شراکت نہیں ہوئی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی دونوں افتتاحی بلے باز نصف سنچریاں اسکور کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ کوئنا جوزف نے50 منٹ میں38 بالوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے52 رن بنائے تھے جبکہ کپتان ہیلے متھیوز54 منٹ میں38 بالوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے50 رن بناکر آوٹ ہوئی تھیں۔
خواتین کے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں ابھی تک26 مرتبہ سو رن سے بڑی شراکت ہوئی ہیں جس میں سے پہلے وکٹ کیلئے اس میں سے آدھی یعنی تیسرہ سو رن سے بڑی شراکت ہوئی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی خواتین کی یہ شراکت ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں ان کی پہلی سنچری شراکت تھی۔
خواتین کے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ نتالی سیور برنٹ اور ہیدر نائیٹ کے پاس ہے۔ انگلینڈ کی ان کھلاڑیوں نے ٹھائی لینڈ کی خواتین کے خلاف کنبرا میں26 فروری2020 کو ہوئے میچ میں تیسرے وکٹ کی شراکت میں 18.2 اوور میں علحدہ ہوئے بغیر 169 رن جوڑے تھے۔ اس میچ میں انگلینڈ کی دونوں افتتاحی بلے باز اپنا کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹی تھیں اور اس کا دوسراوکٹ 1.4 اوور میں سات رن کے مجموعی اسکور پر گرا تھا۔اس ساجھے داری کی بدولت انگلینڈ نے مقررہ20 اوور میں دو وکٹ پر176 رن بنانے کے بعد تھائی لینڈ کی خواتین کو مقررہ20 اوور میں سات وکٹ پر 78 رن بنانے دیئے تھے جسکی وجہ سے اس نے98 رن سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔ خواتین کے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں پہلے وکٹ کی سب سے بڑی شراکت علیحدہ ہوئے بغیر 163 رن کی ہے جو جنوبی افریقہ کی خواتین کی جانب سے پاکستان کی خواتین کے خلاف سلہٹ میں23 مارچ2014 کو پورے بیس اوور میں ہوئی تھی۔ لی زیلی لی اور ٖڈین وان نیکرک نے یہ شراکت کی تھی۔ جنوبی افریقہ کی خواتین نے اس میچ میں44 رن سے جیت حاصل کی تھی۔
اس میچ سے پہلے ویسٹ انڈیز کی خواتین کی جانب سے انگلینڈ کی خواتین کے خلاف سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ کائسیا نائیت اور شیفینی ٹیلر کے پاس تھا۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے سلہٹ میں24 مارچ2014 کو پہلے وکٹ کی شراکت میں12.3 اوور میں87 رن جوڑے تھے۔ اس میچ میں ویسٹ انڈیز کی خواتین نے نو رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔












