نئی دہلی،(یو این آئی) کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے نے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو لوک سبھا میں صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر سابق فوجی سربراہ منوج مکند نرونے کی کتاب کے بارے میں بولنے سے روکنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آخر اس کتاب میں ایسا کیا ہے جس سے مودی حکومت کے بڑے بڑے وزراء گھبرا رہے ہیں۔ مسٹر کھڑگے نے سوشل میڈیا ایکس پر پیر کو ایک پوسٹ میں کہا کہ آر ایس ایس۔بی جے پی کی فکری بنیاد ہی حقائق کو چھپانے پر مبنی ہے، اسی لیے مودی حکومت پارلیمنٹ میں قومی سلامتی کے سنگین سوالات کے جوابات دینے سے اس طرح بچ رہی ہے جیسے کسی نے اس کی زخمی رگ پر ہاتھ رکھ دیا ہو۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ایوان میں قومی سلامتی سے متعلق ایک نہایت سنگین مسئلہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا، سابق فوجی سربراہ کی کتاب میں ایسا کیا لکھا ہے جس سے مودی حکومت کے بڑے بڑے وزراء گھبرا رہے ہیں۔ ان کی کتاب کو شائع ہونے سے کون روک رہا ہے؟ پورا ملک جانتا ہے کہ بی جے پی کی قوم پرستی جھوٹی ہے۔ وہ ملک پرستی کی بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں لیکن 2020 میں گلوان میں ہمارے 20 جوانوں کی بیش بہا قربانی کے بعد مودی جی خود چین کو کلین چٹ دے دیتے ہیں۔ کیا یہ سچ نہیں ہے؟انہوں نے سوال کیا کہ کیا اس سے پہلے پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی سے متعلق مسائل پر ملک کو اعتماد میں نہیں لیا گیا؟ انہوں نے مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ جو جمہوریت کی ماں کی بات کرتے ہیں وہ جمہوریت کی روح کو روندنے میں کیوں لگے ہوئے ہیں۔












