نئی دہلی۔ ایم این این۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے گنگٹوک میں منعقدہ’ سکم @ 50‘ پروگرام سے خطاب کیا۔ اس تقریب کا موضوع ’’ جب ترقی بامقصد ہوتی ہے اور قدرت ترقی کو پروان چڑھاتی ہے ‘‘تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے سکم کی ریاست کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر اس خاص دن پر سکم کے لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر لوگوں کے جنون، توانائی اور جوش و خروش کا مشاہدہ کرنا چاہتے تھے لیکن خراب موسم کی وجہ سے وہ حاضر نہیں ہو سکے۔ انہوں نے مستقبل قریب میں سکم کا دورہ کرنے اور ان کی کامیابیوں اور تقریبات کا حصہ بننے کا وعدہ کیا۔ وزیر اعظم نے تذکرہ کیا کہ آج کا دن ان کی گزشتہ 50 سالوں کی کامیابیوں کو منانے کا دن ہے، اس عظیم تقریب کو یادگار بنانے میں سکم کے وزیر اعلیٰ اور ان کی ٹیم کی توانائی کی ستائش کی۔ انہوں نے ایک بار پھر سکم کے لوگوں کو ان کی ریاست کی گولڈن جوبلی تقریبات پر مبارکباد دی۔جناب مودی نے کہا کہ ’’50 سال پہلے، سکم نے اپنے لیے ایک جمہوری مستقبل کا نقشہ بنایا تھا۔ سکم کے لوگ نہ صرف جغرافیائی طور پر ہندوستان سے جڑے ہوئے ہیں بلکہ اس کی روح سے بھی وابستہ ہیں‘‘،انہوں نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو یہ یقین تھا کہ جب ہر آواز سنی جائے گی اور حقوق محفوظ ہوں گے، تب ترقی کے یکساں مواقع سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج سکم کے ہر خاندان کا اعتماد مضبوط ہوا ہے۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ ملک نے سکم کی قابل ذکر ترقی میں اس اعتماد کے نتائج دیکھے ہیں۔’’سکم ملک کا فخر ہے‘‘، انہوں نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 50 برسوں میں سکم فطرت کے ساتھ ساتھ ترقی کا نمونہ بن گیا ہے۔