شارجہ سے سید پرویزقیصر
پہلے میچ میں سری لنکا کے خلاف چھ وکٹ کی کامیابی کے بعد دفاعی چمپیئن آسڑیلیا خواتین کے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں اپنا دوسرا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں منگل (8 اکتوبر) کو کھیلے گی۔ آسڑیلیا کی خواتین ٹیم کی طرح نیوزی لینڈ کی خواتین نے بھی اپنے پہلے میچ میں ہندوستان کی خواتین کے خلاف58 رن کی جیت حاصل کی تھی۔
آسڑیلیا اور نیوزی لینڈ کی خواتین کے درمیان ابھی تک جو 51 ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے گئے ہیں ان میں سے آسڑیلیا کی خواتین نے28 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور نیوزی لینڈ کی خواتین21 میچ جیتنے میں کامیاب رہی ہیں۔ دونوں کے درمیان ایک میچ ٹائی رہا ہے اور ایک میچ نامکمل رہا ہے۔ خواتین کے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں دونوں کا مقابلہ ابھی تک سات مرتبہ ہوا ہے جس میں آسڑیلیا نے چار میچوں میں اور نیوزی لینڈ نے تین میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔
نیوزی لینڈ اور آسڑیلیا کی خواتین کے درمیان جو آخری پانچ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ان سبھی میں جیت آسڑیلیا کی خواتین کے نام رہی ہے۔ دونون ٹیموں کے درمیان آخری ٹونٹی ٹونٹی میچ برسین میں24 ستمبر2024 کو کھیلا گیا تھا جس میں آسڑیلیا کی خواتین نے چھ وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔ نیوزی لینڈ کی خواتین نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹ پر 146 رن بنائے تھے۔ آسڑیلیا کی خواتین نے19.1 اوور میں پانچ وکٹ پر 148 رن بناکر میچ پانچ بالیں پہلے پانچ وکٹ سے جیت لیا تھا۔
آسڑیلیا کی خواتین کا نیوزی لینڈ کی خواتین کے خلاف سب سے زیادہ اسکور20 اوور میں نو وکٹ پر 173 رن ہے جو اس نے11 فروری2023 کو بنایا تھا۔ نیوزی لینڈ کی خواتین کا آسڑیلیا کی خواتین کے خلاف ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور20 اوور میں سات وکٹ پر 163 رن ہے جو اس نے انورکارگل میں20 فروری2011 کو بنایا تھا۔
ایڈیلیڈ میں22 فروری2017 کو ہوئے میچ میں آسڑیلیا کی خواتین16 اوور میں66 رن بناکر آوٹ ہوگئی تھیں جو ان کا نیوزی لینڈ کی خواتین کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔ نارتھ سڈنی میں21 جنوری2012 کو کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم17.1 اوور میں69 رن بناکر آوٹ ہوگئی تھی جو اس کا آسڑیلیا کی خواتین کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔
آسڑیلیا کی خواتین کی جانب سے نیوزی لینڈ کی خواتین کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور کرنے کا ریکارڈ میگنا لینگ کے پاس ہے جنہوں نے ملبورن میں22 جنوری2013 کو70 منٹ میں56 بالوں پر نو چوکوں کی مدد سے76 رن بنائے تھے۔نیوزی لینڈ کی خواتین کی جانب سے سب سے بڑا اسکور کرنے کا ریکارڈ سوزی بیٹس کے پاس ہے جنہوں نے یکم اپریل 2018 کو برسبین میں52 بالوں پر گیارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے77 رن کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔
آف ابریک بالر مولی اسٹارانو نے جیلانگ میں19 فروری2017 کو ہوئے میچ میں چار اوور میں دس رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا جو آسڑیلیا کی خواتین کی جانب سے نیوزی لینڈ کی خواتین کے خلاف ایک اننگ میں سب سے اچھی بالنگ ہے۔ نیوزی لینڈ کی خواتین کی جانب سے آسڑیلیا کی خواتین کے خلاف سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ لیگ کاسپرک کے پاس ہے۔ اس آف بریک بالر نے ویلنگٹن میں28 فروری2016 کو ہوئے میچ میں تین اوور میں سات رن دیکر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔
خواتین کی ٹونٹی ٹونٹی عالمی رینکنگ میں آسڑیلیا 294 پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر ہے جبکہ248 پوائنٹس کے ساتھ نیوزی لینڈ کی خواتین چوتھے مقام پر ہیں۔












