چنڈی گڑھ، (یو این آئی) ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نایب سنگھ سینی نے کسانوں کے لیے ایک بڑے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے ہفتے سے ریاست کے کسانوں کو واٹس ایپ کے ذریعے کیو آر کوڈ پر مبنی جے-فارم بھیجے جائیں گے۔ اس سے کسانوں کو قرض لینے اور دیگر سہولیات حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت خریداری کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف بنا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اگلے سیزن سے کسان ای-خرید ایپ بھی شروع کی جائے گی۔ اس ایپ کے ذریعے کسانوں کو جے-فارم، ادائیگی کی صورتحال، فصل کی تصدیق اور گیٹ پاس جیسی تمام معلومات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ربیع سیزن 2026-27 میں ہریانہ کی منڈیوں میں اب تک 81 لاکھ ٹن سے زیادہ گندم کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے، جو گزشتہ چار سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔ حکومت اب تک 70 لاکھ ٹن سے زائد گندم خرید چکی ہے اور لاکھوں کسانوں کو بروقت ادائیگی کی جا چکی ہے۔ خریداری کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل گیٹ پاس، بائیومیٹرک تصدیق اور جیو فینسنگ جیسے نظام نافذ کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی منڈیوں میں سی سی ٹی وی کے ذریعے نگرانی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت کسانوں کے مفاد میں مسلسل فیصلے لے رہی ہے، جن میں خراب فصل پر ریلیف، ایجنٹس کے کمیشن میں اضافہ اور مختلف اسکیموں کے تحت مالی امداد شامل ہے۔












